مون سون کی بارشوں سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا امکان

تمام متعلقہ محکمے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کے لئے خصوصی پلان تیار کریں ‘خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 24 جون 2016 17:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء)مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تما م متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کے لئے خصوصی پلان تیار کریں اور افسران و سٹاف کی ڈیوٹیا ں روٹیشن میں لگائی جائیں ،مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا امکان ہے جسے کنٹرول کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو سخت محنت سے کام کرنا ہو گا ۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برا ئے ڈ ینگی کی صدارت کرت ہو ئے کہی اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ گو جرانوالہ ،فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان کے کمشنرز اور ڈی سی اوز نے شرکت کی ۔ ڈی سی او شیخوپورہ بھی اجلاس میں مو جود تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی صورت حال بارے بریفنگ دی ۔

محکمہ موسمیات کے نمائندے نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں مون سون سیزن کا آغاز ہو رہا ہے اور بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔ انچارج چیف منسٹرڈینگی ریسرچ سیل پروفیسر وسیم اکرم نے ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہسپتالوں کی انتظامیہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے پلان تیار کریں۔