تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور میں شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل

منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 30 ہزارسے زائد افراداعتکاف بیٹھیں گے

جمعہ 24 جون 2016 22:19

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے ترجمان راؤ محمد عارف رضوی کے مطابق اس سال بھی منہاج القرآن کے زیر اہتمام آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں اندرون ملک و بیرون ملک سے ہزاروں لوگ اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔شہر اعتکاف توبہ و آنسوؤں کی وہ بستی ہے جس میں لوگ اﷲ کو راضی کرتے ہیں اور اپنے قلوب و اذہان کی پاکیزگی کا سامان کرتے ہیں۔

شہر اعتکاف کے انتظامات اور تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔اندرون ملک و بیرون ملک سے ہزاروں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔حرمین شریفین کے بعد دنیا ئے اسلام کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جوبیسویں روزے کی شام تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

رجسٹریشن نہ کروانے والے افرادشہر اعتکاف میں اعتکاف نہیں بیٹھ سکیں گے۔

راؤ عارف رضوی نے بتایاکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے دو ہزار نوجوان سکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔شہر اعتکا ف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگادئیے گئے ہیں جب کہ شہر اعتکاف کی طرف آنے والے راستوں پر کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے جامع منہاج کے صحن کے دونوں اطراف چار فٹ قطر کے 40 بڑے پنکھے لگائے جائینگے۔

معتکفین کے وضو اور طہارت کیلئے بہترین انتظامات کیے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کیلئے 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10 ایمبولینسز بھی 24 گھنٹے شہر اعتکاف کا حصہ ہوں گی۔ جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج گرلز کالج میں خواتین اعتکاف کریں گی۔ڈاکٹر طاہر القادری روزانہ درس قرآن و تصوف دینگے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے شہر اعتکاف میں چار بڑی ایل ای ڈیز سکرین لگائی گئی ہیں۔تاکہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ساؤنڈ کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔منہاج آئی ٹی بیورو کے ذریعے ڈاکٹر طاہر القادری کے خطابات ،شہر اعتکاف میں ہونے والی محافل پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

ہزاروں معتفکین کیلئے سحری و افطاری وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ کھانوں کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ سحری و افطاری کیلئے بنایا جانے والا تازہ کھانا بروقت معتکفین تک پہنچ سکے۔ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کیا گیا ہے۔شہر اعتکاف میں جنوبی پنجاب سے بھی ہزاروں مردوخواتین کی شرکت متوقع ہے۔بہت سارے شہروں میں شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کئی شہروں میں یہ عمل ابھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :