لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کیخلاف دائر توہین عدالت کی دائر درخواست نمٹا دی

جمعہ 24 جون 2016 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے غیر معیاری ریسرچ پیپر کے ذریعے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر جنرل (ر)محمد اسلم کے خلاف دائر توہین عدالت کی دائر درخواست نمٹا دی۔درخواست گزارڈاکٹر قیصر رشید نے سماعت میں موقف اپنایا کہ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر جنرل (ر)محمد اسلم نے آیوڈین سالٹ اور چوہوں پر ایک مخصوص بیماری کے پہلے سے ہونے والے تجربے کے ریسرچ پیپرز کو کاپی کر کے غیر قانونی طور پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

موصوف نے سائنسی جرنلز میں اپنے 120آرٹیکلز کی اشاعت کا دعویٰ کیا ہے مگر اس کے باوجود ان کے نام کی ایک بھی کتاب آج تک شائع نہیں ہوئی جس سے واضح ہوتا ہے کہ وائس چانسلر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلسازی سے حاصل کی۔درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ وائس چانسلر سائنسی ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی کر مرتکب ہوئے لہٰذاعدالت انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم صادر کرے۔درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کی درخواست پر سیکرٹری صحت اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی طرف سے فیصلہ نہیں دیا جارہا۔فاضل عدالت نے سیکرٹری صحت کو ایک ہفتے میں درخواست پرفیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔