اے این ایف کی تاریخ میں منشیات کی سب سے بھاری مقدار برآمد

2بڑی کاروائیوں میں 14ارب روپے بین الااقومی مالیت کی 19.85ٹن منشیات قبضے میں لے لی گئی عالمی یوم انسدادمنشیات منایاگیا

اتوار 26 جون 2016 21:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26جون۔2016ء) اے این ایف کوئٹہ نے کلہ عبداللہ اور چاغی میں خفیہ اطلا عات پر مبنی دوبڑی کاروائیوں کے دوران18.533ٹن چرس اور 1.326ٹن مارفین قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے پہلی کاروائی کے دوران ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے کلی سیگی میں واقع ایک غیر آبادمقام پر چھاپہ مارکر مذکورہ مقام پر ذخیرہ کی گئی18.533ٹن چرس قبضے میں لے لی ، جواے این ایف کی تاریخ میں منشیات کی ضبط کی جانے والی سب سے بڑی مقدار ہے۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی،تحصیل گلستان سے1.326ٹن مارفین قبضے میں لے لی ،جو آبادی سے دورواقع کلی باکوکاروان کے ایک ویران مقام پرایک خشک برساتی نالے میں ذخیرہ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دونوں کاروائیوں کے دوران قبضے میں لی جانیوالی جانے والی یہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کہ غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی جو بعد ازاں، محفوظ اشارہ ملنے پر کسی نا معلوم مقام پرمنتقل کی جانی تھی۔

قبضے میں لی جانیوالی منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں 14ارب روپے ہے۔ 26جون 2016کوپاکستان سمیت پوری دنیا میں عالمی یوم انسداد منشیات منایا گیا، جسکا مقصد عوام الناس میں منشیات کے خطرات اور اسکی تباہ کاریوں سے محفوظ رہنے کے لئے شعور بیدار کرنا تھا۔ 2016 میں اے این ایف نے اس وقت تک3.682 ٹن ہیروئن، 46.788ٹن چرس ،18.698ٹن افیون، 1.468ٹن مارفین، 2.622ٹن ایمفیٹامائن، 1.620کلو گرام کوکین، 106.69کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن ، 33290 نشہ آور گولیاں، جبکہ 22.16 میٹرک ٹن ممنوعہ کیمیائی مواد شامل ہے۔

اس دوران اینٹی نارکوٹکس فورس نے 669مقدمات درج کئے گئے اور855ملزمان کو گرفتارکیاگیا جن میں 9 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ضبط شدہ منشیات، ممنوعہ کیمیائی مواد کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 836.314 ملین ڈالر ہے۔ اے این ایف نے منشیات کی ا سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے اثاثہ جات اور منشیات سے حاصل کردہ سرمائے پر قانون کا اطلاق کرتے ہوئے 2016 کے دوران 301.555 ملین روپے مالیت کے اثاثے منجمد کئے اور6.952 ملین روپے مالیت کے اثاثے بحق سرکارضبط کئے گئے ۔

یہ ادارہ نفاذقانون کے امور کے علاوہ منشیات کی طلب میں خاتمے میں بھی پیش پیش ہے، جس کے تسلسل میں اسلام آباد کوئٹہ اور کراچی میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے قائم کردہ مراکز میں منشیات سے متاثرہ افراد کو علاج معالجے اور قیام و طعام کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان مراکز میں سال2016کے دوران 318افراد کا مفت علاج کیا گیا ،جن میں سے 111کو اسلام آباد ، 3کوکوئٹہ 204افراد کو کراچی کے مراکز میں علاج و بحالی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

مزید یہ ادارہ عوام الناس کو منشیات کے خلاف آگاہی مہیا کرنے میں بھی مصروف عمل ہے جس کے تحت 195مختلف قسم کی آگاہی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں جن میں تعلیمی اداروں میں لیکچر، فری میڈیکل کیمپ، کھیلوں کے مقابلے،آگاہی ریلیاں مصوری کے مقابلے اور منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے شائع کردہ مواد کی تقسیم شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :