بجلی کی طلب22ہزارمیگاواٹ واٹ تک پہنچ گئی‘غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے سے شہری پریشان

لاہور کے متعددعلاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی بھی غائب ہوگیا‘ مجموعی شارٹ فال7 ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 1 جولائی 2016 13:23

بجلی کی طلب22ہزارمیگاواٹ واٹ تک پہنچ گئی‘غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی۔2016ء) رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں -جمعرات کے روزسے شروع ہونے والا غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا یہ سلسلہ جمعہ کے روزبھی جاری رہا اور کئی علاقوں میں جمعہ کی نمازکے اوقات میں مساجد سے اعلان کیئے گئے کہ مسجد میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے نمازی گھروں سے وضو کرکے آئیں-حکومت کی جانب سے اگرچہ رمضان میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر گرمی کی شدت کی وجہ سے بجلی طلب میں اضافہ ہونے سے حکومت اپنے وعدے پر قائم نہ رہ سکی-وزارت پانی وبجلی کے مطابق گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہونے سے شارٹ فال 7ہزار میگا واٹ کے قریب پہنچ گیا ہے-لاہور سمیت متعددشہروں کے بارے میں محکمہ موسمیات کی پیشین گوئیاں بھی غلط ثابت ہوئی ہیں اور بارشوں کی بجائے لاہور سمیت دیگر شہروں میں درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کے تناسب میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے- گرمی کی شدت میں کمی نہ آئی تو اوورلوڈنگ سے ترسیلی نظام بیٹھنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔

(جاری ہے)

ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اس وقت ملک میں مجموعی شارٹ فال7 ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا ہے، بجلی کی طلب 22 ہزار میگاواٹ کے قریب جبکہ پیدوار صرف15 ہزار میگاواٹ سے کم ہے۔جس کی وجہ سے نیشنل گریڈاسلام آباد سے براہ راست” لوڈ مینجمنٹ “کی جارہی ہے- لاہورشہر اور گردونواح کے گرڈ اسٹیشنز اوورلوڈنگ کے باعث بند کیے جا رہے ہیں، شہر کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر8 سے10 جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں 14 گھنٹے کردیا گیا ہے۔این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق اگر گرمی کی شدت کم نہ ہوئی تو اوورلوڈنگ کے باعث ترسیلی نظام بیٹھنے کا خدشہ ہے، شدید گرمی اور حبس کے باعث گزشتہ روز شہر کے ایک درجن سے زائد فیڈر کئی گھنٹے بند رکھے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :