وسائل سے زیادہ آبادی ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، ڈاکٹر خالدہ شاہد

پیر 11 جولائی 2016 22:35

خانیوال۔11 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی ۔2016ء ) وسائل سے زیادہ آبادی ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے ۔ ڈاکٹر خالدہ شاہد انچارج فیملی ہیلتھ کلینک نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم آبادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خاندانوں کی بہتری اور ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کی پیدائش میں اپنے دستیاب وسائل کو مدنظر رکھیں کیوں کہ ہمارے ملکی وسائل تیزی سے بڑھتی ہو ئی آبادی کا ساتھ دینے سے قاصر ہیں ۔

(جاری ہے)

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زرعی زمینوں کو بے دریغ رہائشی کالونیوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس سے آنے والے وقت میں غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا ماں اور بچے کی صحت اور زندگی کے لیے ضروری ہے کہ کم عمری کی شادیوں سے اجتناب کیا جائے اور ایک بہتر نسل کی پرورش کے لیے بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ تقریب سے تحصیل آفیسر پاپولیشن ویلفےئر عمران طارق نے بھی آبادی کے مسائل پر گفتگو کی ۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا اور لوگوں میں بہبودآبادی کے حوالے سے لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :