لائنز ایریا یونٹ 197پر فائرنگ اور ملیر عمار یاسر میں کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔خالد حمید

دہشت گردوں اور لے پالک عناصر کی اشتعال انگیزی برداشت سے باہر ہوچکی ،ادارے نوٹس لیں

پیر 11 جولائی 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے سیکریٹری اطلاعات خالد حمید نے لائنز ایریا یونٹ 197پر فائرنگ اور ملیر عمار یاسر سوسائٹی میں کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریر ،تقریر اور دلائل کی سیاست کو پروان چڑھانے کیلئے ابھی تک تصادم سے گریز کررہے ہیں جسے دہشت گردوں یا دوسروں کی گود میں بیٹھنے والے بچوں نے کمزوری سمجھ لیا ہے ،اشتعال انگیزی کرنے والے کان کھول کر سن لیں مہاجر کارکنان لاوارث نہیں ،اگر جواب دینا شروع کیا تو کراچی کی زمین اتنی گرم کردیں گہ کہ دہشت گردوں کا پاؤ رکھنا دوبھر ہوجائے گا،بہتر یہی ہے کہ مہم جو اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ۔

عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کون پروان چڑھا رہا ہے ہم اچھی طرح جانتے ہیں لیکن ہمیں ان سرپرستوں کی فکر ہے نہ کمال دکھانے والے ہاتھوں کی ،عوام کی خدمت کررہے ہیں اور عوام کی طاقت ہمارے ساتھ ہے جس کے ذریعے ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

خالد حمید نے کہا کہ مہاجر کارکنان چیئرمین آفاق احمد کی امن پسندانہ پالیسی کی وجہ سے خاموش ہیں ،طاقت کا استعمال ترک ضرور کیا ہے بھولے نہیں ہیں ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ۔

خالد حمید نے کہا کہ ایس ایچ او لائنز ایریا کی مسلسل جانبداری اور ملیر میں ہونے والے واقعات سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کررہے ہیں لیکن ابھی تک سنوائی تو دور کی بات حالات مزید دشوار بنائے جارہے ہیں جس کا نوٹس قومی سلامتی اداروں کو لینا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور لے پالک عناصر کی حرکتوں نے عوام میں اشتعال پیدا کردیا ہے ، اگر عوام نے ازخود اقدامات کئے تو اسکی کوئی ذمہ داری مہاجر قومی موومنٹ پر عائد نہیں کی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :