ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار قابل تحسین ہے،مزید ملازمتوں اور ریونیو کے حصول کیلئے اقتصادی سرگرمیاں بڑھائی جائیں، حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 17:52

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملکی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید ملازمتوں اور ریونیو کے حصول کیلئے اقتصادی سرگرمیاں بڑھائی جائیں، حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے صدر کی رہائش پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر عبدالرؤف عالم نے بھی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نجی شعبہ ترقی کی کنجی ہے، انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کئی اہم اہداف اور کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کا اعتراف کئی عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں، پاکستان دنیا میں ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر نمایاں ہوتا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور چینی حکومت کے تعاون سے اس کا روشن مستقبل عیاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور توانائی کے بحران سمیت دیگر چیلنجوں سے حکومت کامیابی سے نمٹ رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی ہوئی ہے جبکہ سسٹم میں 3600 میگاواٹ اضافی بجلی شامل کی گئی ہے، پنجاب میں ایل این جی کے تین جدید پاور پلانٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں حکومت نے بعض مشکل فیصلے کئے ہیں جبکہ توانائی کے شعبہ میں بھرپور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، تربیلا ڈیم کی توسیع کے ساتھ ساتھ داسو ڈیم پر کام تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے آئندہ دہائیوں تک پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر عبدالرؤف عالم نے کہا کہ جب تک تاجروں کو سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں۔ انہوں نے گورنر کو بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔