وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کو 90 دن کے اختیارات اور صوبے میں ایک سال رہنے کی مدت میں توسیع کی سمری منظور کرلی

پیر 1 اگست 2016 22:00

وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کو 90 دن کے اختیارات اور صوبے میں ایک سال رہنے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرزکو 90دن کے خصوصی اختیارات اور انکا سندھ صوبے میں رہنے کی مدت میں ایک سال کی توسیع سمری کی منظوری دیتے ہوئے رینجرز معاملے کو حل کردیا ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن امان کے حوالے سے منعقد کئے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان رینجرز اور پولیس نے شہر میں امن امان قائم کرنے میں بہت ہی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم صوبے میں امن امان بحال رکھنے کیلئے کی گئی انکی جدوجہد اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے ،ٹارگیٹ کلنگ، بھتہ خوروں اور اغوا برائے تاوان کا قلع قمع کرنے میں انکا کردار قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو وزارت داخلہ کی طرف سے بنائی گئی سمری پیش کی ، جس کے تحت پاکستان رینجرز صوبے سندھ میں مزید ایک سال رہنے اور 90دن کیلئے خصوصی اختیارات دینے کی سفارش کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سمری کو منظوری دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے نوٹیفکیشن جاری کرانے کیلئے فوری طور پر رابطے میں آئیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ،سیکریٹری داخلہ ریاض حسین سومرو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔آئی جی سندھ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو امن امان کے حوالے سے بریفنگ دی اور انکو پولیس ہیڈکوارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی جوکہ وزیراعلیٰ سندھ نے قبول کی۔

متعلقہ عنوان :