ناقص کارکردگی کے حامل افسران سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،چیف ایگزیکٹومیپکو

جمعرات 4 اگست 2016 23:12

ملتان ۔04اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔4 اگست ۔2016ء)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر فضل اللہ درانی نے کہا ہے کہ جولائی2016ء کے نتائج آنے پر ناقص کارکردگی کے حامل افسران سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔وہ میپکو ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایس ایز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سرکل افسران کام نہ کرنے والے سب ڈویژنل،ڈویژنل افسران اور سٹاف کے خلاف ایکشن لیں۔

صارفین کے میٹروں کی ریڈنگ کے 100فیصد نتائج دیں،خراب میٹرز فوری طورپر تبدیل کئے جائیں،افسران قدرتی آفات،آندھی اور طوفان میں الرٹ رہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل سمیت دیگر کیٹگریز کی درست ریڈنگ کی جائے۔بجلی چوروں کے خلاف مہم چلائی جائے اور انہیں جرمانے عائدکرکے وصولی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میپکو ریجن میں بجلی بلوں کی تقسیم فوری طورپر آؤٹ سورس کی جائے اور میٹر ریڈرزکی کمی بل ڈسٹری بیوٹرز سے پوری کی جائے۔

چیف انجینئرکسٹمرسروسز محموداحمد خان نے کہا کہ جس افسر کی کارکردگی ناقص ہے اس کو جواب دیناہوگا۔تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز ریکوری پر خصوصی توجہ دیں۔ریڈنگ کی درست تصاویرنہ آنے کی صورت میں دوبارہ ریڈنگ کروائیں اور خودمانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہرماہ کو جون سمجھ کر محنت کریں اورمقرر کردہ اہداف ہر صورت حاصل کریں۔اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن محمد ارشد چوہدری،چیف انجینئر شاہد حمید چوہان،کیپٹن(ر)سرفرازاحمدخان،ایڈیشنل ڈی جی انفارمیشن سروسزمیاں ندیم احمد، ڈائریکٹر کمرشل میاں رحمت اللہ،9سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ڈپٹی کمرشل منیجرز نے شرکت کی۔