آزادی قدرت کی وہ گرانمایہ نعمت ہے دنیا میں جس کا کوئی دوسرا نعم البدل نہیں‘چوہدری ظہیرالدین خاں

پاکستان کو مضبوط تر بنانے کیلئے ملک سے کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ‘تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) آزادی قدرت کی وہ گرانمایہ نعمت ہے دنیا میں جس کا کوئی دوسرا نعم البدل نہیں، پاکستان آج لاتعداد اندرونی و بیرونی سازشوں اور بحرانوں کا شکار ہے ، چھپے ہوئے اور اعلانیہ دشمن پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو بری نگاہ سے دیکھ رہے ہیں آزمائش اور امتحان اس گھڑ ی میں پاکستان مسلم لیگ کی خالق جماعت کی حیثیت سے ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم یوم آزادی کی تقریبات کو شایان شان اور جوش و خروش سے مناکر نئی نسل کو آزادی کی نعمت سے آگاہ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار سابق اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگی راہنما چوہدری ظہیرالدین خان نے مسلم لیگ ہاؤس میں پرچم کشائی کے بعد یوم آزادی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے میاں محمد منیر، خدیجہ فاروقی ایم پی اے،ذوالفقار پپن، انجینئر شہزاد الہٰی، سجاد بلوچ،شیخ عمر حیات،نور صمند بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ظہیرالدین خان نے کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں کی بدولت ملک میں مزدور،اساتذہ، کسان، طالبعلم ،ڈاکٹر،پیرامیڈیکل سٹاف سمیت دیگر طبقے اپنی محرومیوں کے باعث سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔

پنجاب میں بچے اغوا ء اور خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے بچوں سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ ان کے بچے تو لندن و بیرون ملک میں مقیم ہیں اور حکمران خود بیرون ملک سے علاج کرواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام متحد ہوجائیں اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی لا کر ملک کو صحیح معنوں میں آزاداور خودمختار ریاست بنائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سینیٹر کامل علی آغانے کہا کہ ہمیں یوم آزادی کے موقع نظم ،تنظیم ،اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور قیام پاکستان کے دوران ہمارے اقابرین نے قربانیاں دیتے ہوئے جووعدے کیے تھے ہم نے تجدید عہد کرتے ہوئے اسی سپرٹ کے ساتھ پاکستان کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔پاکستان عالم اسلا م کا قلعہ ہے اور پوری اسلامی دنیا کی امید ہے ہمیں پاکستان کو مضبوط سے مضبو ط تر بنانا ہے اور ملک سے دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کابازار گرم ہے ایک اور سیکنڈل سامنے آیا ہے کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد میں کمیشن لیکر لندن میں 7ارب سے ایک اور فلیٹ خرید لیا گیا ہے عید کے موقع پر423خودکشیاں اس لیے ہوجاتی ہیں کہ بچوں کے پاس نئے کپڑے نہ تھے کھانے کے لیئے اچھی خوراک نہ تھی یہاں پر غریب عوام روٹی کو ترس رہی ہے اس ملک کے غریبوں کا خون نچوڑ کر بیرون ملک حکمرانوں کے محلات کی تعداد بڑھ رہی ہے راجہ محمد بشارت نے پرچم کشائی پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ اور دہشت گردی کے خلاف ہمیں متحد ہونا پڑے گا نواز شریف کے اقتدار میں رہتے ہوئے کرپشن کی منصفانہ تحقیقات ممکن نہ ہے ۔

اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا نے قرارداد پیش کی کہ آج کا یہ اجلاس سیکیورٹی ایجنسیوں خصوصا افواج پاکستان کے ساتھ دامے درمے سخنے اتحاد اور ان کی مدد کا اعلان کرتا ہے اور درخواست کرتا ہے کہ وہ مزید آگے آئیں اور دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیں ۔اجلاس کے آخر میں سینیٹر کامل علی آغا نے سانحہ کوئٹہ میں صحافیوں اور وکلاء سمیت درجنوں افراد کی شہاد ت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی روح کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کروائی اور ان کے درجا ت کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :