وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس- وزیراعظم کی کوئٹہ میں دہشت گردی کا شکار خاندانوں کی امداد کے لیے جامع پالیسی بنانے کی ہدایت- سی پیک کے تمام منصوبوں پر عملدرآمد کا جامع نظام بنانے کا فیصلہ ۔ شہدا کے خاندانوں کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور نوکری کے لیے خصوصی مراعاتی پیکیج بنایا جائے:وزیراعظم کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اگست 2016 11:04

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس- وزیراعظم کی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18اگست۔2016ء) وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہوا-اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا شکار خاندانوں کی امداد کے لیے جامع پالیسی بنانے کی ہدایت کی اور سی پیک کے تمام منصوبوں پر عملدرآمد کا جامع نظام بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور نوکری کے لیے خصوصی مراعاتی پیکیج بنایا جائے،دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے لیے فوری انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا جائے،جامع پالیسی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، وزارت داخلہ کے حکام نے سانحہ کوئٹہ سے متعلق تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کابینہ کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں تھرکول ذخائر سے استفادہ نہیں کیا گیا ورنہ آج ہم توانائی برآمد کر رہے ہوتے، وزیراعظم نے اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں پر موثر عملدرآمد اور رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیزکی جائے، توانائی اور دیگر منصوبے 2018 سے پہلے مکمل کرنے کی ہرممکن کوششیں کی جائے۔

کابینہ نے لینڈ بینکنگ سیکٹر کی نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری پالیسی، پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دفاعی تعاون کے سمجھوتے اور آڈیٹر جنرل پاکستان اور ملیشیا کے محکمہ آڈٹ کے درمیان سرکاری محکموں کے آڈیٹنگ معاہدے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں پاکستان اور جائیکا کے درمیان توانائی منصوبوں کے لیے قرضوں کے پروگرام اور پاک، ترکمانستان دفاعی شعبے میں تعاون، پاکستان ویتنام کے درمیان انسداد منشیات وانسانی اسمگلنگ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دی گئی۔

بینکنگ میں تعاون کیلئے پاکستان اور روس میں مذاکرات شروع کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اورترکمانستان کے درمیان سفارتی ویزا ختم کرنے کے معاہدے سمیت پاکستان اورقازقستان میں مجرموں کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط اور پاکستان کینیا کے درمیان انسداد منشیات سے متعلق مذاکرات شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور دیگر نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے ساتھ گوادر پورٹ اتھارٹی کو بھی ترقی دی جائے۔ کابینہ نے نجی شعبے کے تعاون سے سستے گھروں سے متعلق پالیسی کی بھی اصولی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کو وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ متعلقہ وفاقی سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک تھے۔ کابینہ میں پیش کی جانے والی ہاوسنگ پالیسی کے تحت وفاقی گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاونڈیشن نے نجی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار سے نئی سکیموں کے اجراءکا منصوبہ بنایا ہے جس کے لئے چھ کمپنیوں نے راولپنڈی ، اسلام آباد اور کراچی میں ساٹھ ہزار کنال اراضی کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

جائنٹ وینچر سکیم میں 75 فیصد پلاٹ فاونڈیشن اور 25 فیصد نجی کمپنی کے ہوں گے۔