لاہور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم کی گرفتاری، ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات

ملزم کو افغانستان سے آپریٹ کیا جارہا تھااورملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، افغانستان میں 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک ملا، اب تک تین پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 3 مئی 2024 13:09

لاہور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم کی گرفتاری، ابتدائی تفتیش میں اہم ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2024 ء) لاہور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزم فیضا ن بٹ کی گرفتاری کے بعد ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں،ملزم کو افغانستان سے آپریٹ کیا جارہا تھااورملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ملزم کو افغانستان میں 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک ملا،ملزم نے اب تک تین پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹارگٹ کلرفیضان بٹ دو مرتبہ افغانستان بھی جا چکا ہے۔ ملزم موٹرسائیکل پراپناہدف تلاش کرتاتھا، ملزم کاہدف بغیراسلحہ باوردی پولیس اہلکار ہوتا تھا۔ملزم نے کئی کلومیٹر تک اپنے ہدف کا تعاقب کیا تھا۔پولیس ذرائع کاکہناہے کہ ملزم نے بتایاکہ اسے دھماکہ خیز مواد کے غلط مقدمے میں ملوث کیا گیا تھا جس کا اسے بہت غصہ تھا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا کہنا ہے جیل میں کالعدم لشکر جھنگوی کے روٴف گجر سے ملاقات ہوئی، روٴف گجر نے 6 لاکھ روپے رشوت دیکر ضمانت کرائی۔ ملزم کے مطابق اسے رہا کروا کر افغانستان کے علاقے خراسان بھجوا دیا، ملزم نے انکشاف کیا کہ افغانستان میں اسے 6 پولیس اہلکاروں کے قتل کا ٹاسک دیا گیا۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم کے مطابق افغانستان میں اس کی ملاقات عاصم نامی شخص سے ملاقات ہوئی جس نے اسے پولیس اہلکاروں کے قتل ٹاسک دیا اور ٹاسک پورا کرنے پر افغانستان میں نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا۔

موٹر سائیکل شادباغ لاہور سے چھینی، اس کا نمبر تبدیل کرکےپولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم فیضا ن بٹ لاہورکے علاقے بادامی باغ کا رہائشی ہے۔ملزم فیضان بٹ نے پولیس چھاپے کے دوران برآمدسامان کاالزام اپنے بھائی پرڈالنے کی کوشش بھی کی ، ملزم سے30بورپستول،نائن ایم ایم کے 2پستول، دستانے اورپین کیمرہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتارملزم کوسی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں پولیس پر حملوں میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ مرکزی ملزم فیضان بھٹہ چوک کے قریب الفلاح ٹاوٴن سے گر فتار کیا گیا ۔پولیس حکام کے مطابق ملزم عثمان کو گزشتہ روز غازی روڈ سے گزرتے دیکھا گیا تھا۔ غازی روڈ سی سی ٹی وی فوٹیج کے بعد ملزم کی ریکی کی گئی۔

جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز الفلاح ٹاون اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے، آپریشنز ونگ کی ٹیم نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ملزم کو ڈیفنس کے علاقے سے گرفتار کیا۔ملزم سے حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل ، تین پستول اور گذشتہ رات پہنے کپڑے اور گلوز بھی برآمدکئے گئے۔ ملزم کو گرفتار کر کے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا۔ صدر ڈویژن کے ایس ایچ اوز کی ٹیم ملزم کی گرفتاری کیلئے کوشش کر رہی تھی۔ ٹارگٹ کلر کی گرفتاری کے بیک وقت متعدد ٹیمیں کام کر رہی تھی۔ اس سے قبل ملزم عثمان خراسانی کوڈیفنس کے علاقے سے گرفتارکیاگیا، گرفتارملزم اوراسکابھائی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ملزم کے دوسرے بھائی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔