خام مال اور دیگر اشیاء کے ٹیرف بارے جامع اصلاحات لارہے ہیں ،اپنی برآمدات کے فروغ اور بین الاقوامی مسابقت میں برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹوں اورمشکلات کے خاتمہ کے لیے کام کر رہے ہیں

وزیر تجارت خرم دستگیر خان کی برطانوی ہائی کمشنر تھا مس ڈریو سے ملاقات میں بات چیت

منگل 30 اگست 2016 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ہم دیگر وزارتوں کے ساتھ رابطہ کاری سے خام مال اور دیگر اشیاء کے ٹیرف بارے جامع اصلاحات لارہے ہیں اور اپنی برآمدات کے فروغ اور بین الاقوامی مسابقت میں برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹوں اورمشکلات کے خاتمہ کے لیے کام کر رہے ہیں ۔

وہ منگل کو پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھا مس ڈریو سے بات چیت کر رہے تھے۔ جنہوں نے ڈی ایف آئی ڈی کے پاکستان میں سربراہ جو آنہ ریڈ اور اکنامک گروتھ گروپ کی مس لو ئیزے واکر کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت سے ملاقات کی اور پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارت و اقتصادی تعلقات کے تمام پہلوؤں کے بارے میں بات چیت کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران تھامس ڈریو نے کہا کہ پاکستان برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے بڑی تجارتی مارکیٹ کے مواقع پیش کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تجارت مزید بہتر بنانے کے لیے طریقوں اور ذرائع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی معاہدوں کو مزید تقویت دے کر دونوں ممالک کی تجارت میں اضافہ کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر نے وفد کو مزید بتایا کہ پاکستان کی موجود حکومت کی پالیسیوں کے باعث پاکستان کاروباری سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش مارکیٹ بن گیا ہے۔

انہوں نے وفد کو مزید بتایا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت برآمدات اور تجارتی کمیونٹی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور انہیں زیرو ریٹنگ، بجلی کی قیمتوں میں بار بار کمی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنا کر متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تجارت اس وقت بھی اصل استعداد سے کہیں کم ہے پاکستان اور برطانیہ میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کی بڑی گنجائش ہے اور دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے استفادہ نہ کیے جانے والے شعبوں میں تعاون اور مضبوط رابطوں کے لیے سہولت فراہم کرنی چاہیے۔

وزیر نے وفد کو بتایا کہ وزارت تجارت خام مال کے ٹیرف میں اصلاحات ،اشیاء کی نقل و حمل میں آسانی، ای کامرس کا دائرہ کار بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر سرگرمی سے کام کررہی ہے ۔ قومی اور بین الاقوامی کاروباری ادارے اور صارفین ای کامرس کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں جس سے پاکستان کی برآمدات کو یقینا فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :