ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا سامنا کرنا ہوگا، سید غوث علی شاہ

جنرل راحیل شریف کے اس عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کو اولین ترجیح رکھا ہوا ہے،مسلم لیگی وفد سے گفتگو

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء سابق وزیر دفاع سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہوکر ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا سامنا کرنا ہوگا،لوگ پاکستان کے خلاف ذہر اگلنا بند کردیں ،کیونکہ یہ ملک ہی ہم سب کی شناخت ہے ،وہ فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگاڑا اور ان کے بھائی پیر صدر الدین شاہ راشدی سے اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد آنے والے مسلم لیگی وفد سے گفتگو کررہے تھے،سید غوث علی شاہ سے ملاقات کرنے والوں میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ضلع صدو ر جنرل سیکریٹری ودیگر عہدیداران شامل تھے،سید غوث علی شاہ نے وفد کو پیر پگاڑا اور ان کے بھائی صدر الدین شاہ راشدی سے ہونے والی ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پیر پگارا اور ان کے بھائی نے مجھے عمرے کے مبارک باد دی اور ملاقات بڑی مثبت رہی ،جس میں دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وفاق کی مضبوطی ضروری ہے ہمیں چھوٹے چھوٹے اختلافات ختم کر کے پاکستان کو آگے لے جانا ہوگا،سید غوث علی شاہ نے کہا کہ پیر پگارا سے ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آج جو ملک میں امن نظر آرہا ہے اس کا سہراہ جنرل راحیل شریف کو جاتا ہے جو ہر محاذ پر خود جاکر نوجوانوں کے حوصلے بند کرتے ہیں،اننہوں نے کہا کہ وہ جنرل راحیل شریف کے اس عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے کرپشن اور دہشتگردی کے خاتمے کو اولین ترجیح رکھا ہوا ہے،سید غوث علی شاہ نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو منہ توڑ جواب دیا ہے ہم ان کے اس دلیرانہ اقدام کو نا صرف سپورٹ کرتے ہیں ،بلکہ جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین بھی پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ حکمرانوں میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ وہ نریندر مودی کے خلاف بات کرتے یا پاکستان کا مقدمہ اتنے ٹھوس اقدام میں پیش کرتے ،سید غوث علی شاہ نے کہا کہ پیر پگارا اور میں نے ملکی خراب صورتحال پر خصوصی گفتگو کی اور یہ نتیجہ نکالا کہ جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا ،انہوں نے کہا کہ پیر پگارا اور میری یہ خواہش ہے کہ تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئیے اور جو موسم لیگی آج دندنانے پھرتے ہیں ان سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہئیے،سید غوث علی شاہ نے کہا کہ جو عناصر ملک میں بیٹھ کر یا بیرون ملک پاکستان کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں وہ یہ بات یاد رکھے کہ آج ان کی جو بھی حیثیت ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے،اگر خدا نخواستہ پاکستان نہ ہوتا تو نہ میں سیاستداں ہوتا اور نہ کسی اور کو یہ آزادی حاصل ہوتی،انہوں نے کہا کہ پیر پگارا نے اس بات سے بھی اتفاق کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کی عوام کو ان کے حقوق دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،لہذا اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کر کے عوام متبادل قیادت دیکھنا چاہتے ہیں۔