ڈرپ ایریگیشن سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے،ماہرین زراعت

جمعہ 23 ستمبر 2016 15:05

فیصل آباد۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 ستمبر۔2016ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ بغیر لیول اور اونچے نیچے کھیتوں میں ڈرپ اریگیشن سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ اس سسٹم کے تحت زمین کو ہموار کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور ناہموار زمین میں بھی زرعی اجناس کو آسانی سے کاشت کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ نظام کلراٹھی زمینوں میں بھی اسی طرح کارآمد ہے جس طرح ناہموار رقبہ جات پر۔

انہوں نے کہاکہ ڈرپ اریگیشن کے ذریعے پانی پودوں کی جڑوں کو مہیا کیا جاسکتاہے جس سے جڑوں کے ارد گرد موجود نمکیات دور چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نمکیات ختم ہونے سے پودا بہتر طریقے سے نشوونما پاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ شعبہ اصلاح آبپاشی محکمہ زراعت نے بھی زرعی ماہرین کی مشاورت سے پنجاب میں آبپا ش زراعت کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کا آغاز کیاہے جس کے تحت بہتر استعداد کار والا جدید نظام آبپاشی ڈرپ اریگیشن سسٹم کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر فراہم کیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سسٹم کی فراہمی کیلئے 60فیصد اخراجات حکومت پنجاب برداشت کررہی ہے اور 40 فیصد رقم متعلقہ کاشتکاروں کو ادا کرنا ہو گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس نظام سے زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لاکر سر سبز زرعی انقلاب کاخواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے۔