آلو کی تازہ پیداوار بطور بیج نئی کاشت کیلئے موزوں نہیں ہوتی ،زرعی ماہرین

جمعہ 23 ستمبر 2016 15:05

فیصل آباد۔23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 ستمبر۔2016ء)زرعی ماہرین کی ہدایت ہے کہ آلو کی تازہ پیداوار بطور بیج نئی کاشت کیلئے موزوں نہیں ہوتی لہٰذا کاشتکار کاشت سے پہلے بیج کی خوابیدگی کو توڑنے کا عمل یقینی بنائیں ۔ماہرین کے مطا بق کاشتکار یکم اکتوبر سے 20اکتوبر تک آلو کی کاشت مکمل کرلیں کیونکہ مذکورہ ایام آلو کی کاشت کے حوالے سے انتہائی موزوں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آلو کو کاشت کرنے سے پہلے اس کے بیج کے طور پر استعمال سے قبل ا سے 10 سے12ہفتے تک کھلا پڑا رہنے دیا جائے کیونکہ اس سے اس کی خوابیدگی خود بخود ختم ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیماری سے پاک تصدیق شدہ اعلیٰ معیار کا حامل بیج استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ کاشت سے کم از کم 10روز قبل بیج کو سر د خانے سے نکال کر سایہ دار جگہ پر رکھ دینا چاہیے تاکہ بیج باہر کے عام درجہ حرارت سے خود کو مانوس کرلے اور اس میں شگوفے پھوٹ آئیں ۔