قومی اسمبلی میں صدر مملکت کے خطاب پر بحث کے قانون میں ترمیم کا بل پیش کردیا گیا

منگل 27 ستمبر 2016 15:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) ایوان زیریں(قومی اسمبلی )میں صدر مملکت کے خطاب پر ایوان میں بحث کے قانون میں ترمیم کا بل پیش کردیا گیا،مجوزہ قانون کے مطابق ایوان زیریں میں صدر مملکت کے خطاب پر بحث کیلئے زیادہ سے زیادہ 10دن مقرر کیے جائیں گے،سپیکر ایازصادق نے بل پر مزید غوروخوض کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن شیر اکبر خان نے قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2008کے قاعدہ 293ذیلی قاعدہ 4کے تحت قومی اسمبلی میں کاروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2008میں مجوزہ ترمیم پیش کی،جس کے تحت قومی اسمبلی میں صدر مملکت کے خطاب پر بحث کیلئے مختص کردہ ایام کسی بھی صورت میں دس ایام کار سے متجاوز نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں ایوان کی کاروائی کے حوالے سے مشاورت کی جاتی ہے،اس لئے قانون میں ترمیم کے بجائے بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں ہی طہ کرلیا جائے گا کہ صدر مملکت کے ایوان میں خطاب پر بحث کتنے دن چلائی جائے،پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے کہا کہ صدر مملکت ممنون حسین کے پارلیمنٹ سے خطاب کو 4ماہ گزر گئے ہیں مگر تاحال اس پر بحث شروع نہیں کرائی جاسکی،ماضی میں صدر مملکت خطاب پر بحث 6,6سیشن چلی اس دوران کوئی توجہ دلاؤ نوٹس پیش نہیں کیاجاسکتا اور بہت سے معاملات ایوان میں نہیں اٹھائے جاسکتے اس لئے اس بل کو مسترد کرنے کے بجائے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔

جس پر سپیکر ایازصادق نے رائے شماری کے بعد بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ارسال کردیا۔