اثاثہ جات کیس؛ علی امین گنڈا پور کی الیکشن کمیشن طلبی کا نوٹس معطل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے ای سی پی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 10:43

اثاثہ جات کیس؛ علی امین گنڈا پور کی الیکشن کمیشن طلبی کا نوٹس معطل
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو طلبی کا نوٹس معطل کرکے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثہ جات کیس میں علی امین گنڈا پور کو طلبی کا نوٹس بھیجا گیا، جس کے خلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے وکیل ایڈووکیٹ سکندر شاہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، پشاورہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کی درخواست پر نوٹس معطل کر دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب بھی طلب کرلیا۔

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی پر ازخود نوٹس لیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کرنے پر نوٹس جاری کیا ، الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ طلب کیا ، اس ضمن میں جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ علی امین گنڈاپور الیکشن کمیشن پیش ہوکر اثاثوں سے متعلق وضاحت دیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ بنی گالا میں درج مقدمے میں علی امین گنڈاپورسمیت تمام ملزمان کو کیس سے باعزت بری کردیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کیخلاف تھانہ بنی گالا میں درج مقدمہ کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے کی ،مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ ’وقوعے میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے‘، عدالت نے مدعی کو ہدایت دی کہ ’اس کی سکائپ آئی ڈی دیں‘،عدالت نے سکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت جاری کیں،عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا، وکیل مدعی نے کہا کہ ’علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے،نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا ہے‘، عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا کہ’ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کرلیا ہے؟‘محمد ولید نے بیان دیا کہ ’جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے‘۔