خیبر پختونخواسینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کے قیام کا اعلامیہ جاری

60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لئے مراعات فراہم کی جائیں گی

منگل 27 ستمبر 2016 21:50

خیبر پختونخواسینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کے قیام کا اعلامیہ جاری

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) خیبرپختونخوا میں 60 سال اوراس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو مختلف قسم کی سہولیات اورمراعات کی فراہمی سے متعلق صوبائی اسمبلی سے منظور ” سینئر سٹیزنز ایکٹ 2014 ء“ کے تحت سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کے اراکین کا چناوٴ کرتے ہوئے کونسل کے قیام کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ،کونسل کے سربراہ محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخواکے وزیر ہونگے جبکہ دو اراکین صوبائی اسمبلی اور چار سماجی شخصیات اراکین ، سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری فنانس، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،سیکرٹری پی اینڈ ڈی ،کمشنر پشاورڈویژن اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر بلحاظ عہدہ کونسل میں شامل ہونگے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سے بل کی منظوری کے بعد چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی نے اراکین سینئر سیٹزنز ویلفیئر کونسل کے چناوٴ کا عمل شروع کیا جس میں ابتدائی طورپر پیش کی گئی فہرست کی سکروٹنی کی گئی۔

(جاری ہے)

بعدازاں سرچ اینڈ سکروٹنی کمیٹی کا چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی ،سیکرٹری سوشل ویلفیئر ،سیکرٹری ہوم، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریک ہوئے۔

اجلاس میں طویل مشاورت اورجائزہ کے بعد چار اراکین کاچناوٴ کرلیاگیا جن میں فرنٹیئر فاوٴنڈیشن کے صاحبزادہ حلیم، انٹی ایٹوفار ڈویلپمنٹ اینڈ امپاورمنٹ ایکسس (IDEA) کے محمد عماد احمد، حبیب اللہ خان خٹک ،ایج ڈیمانڈ ایکشن(ADA) کے میاں شاکرحسین شامل ہیں جس کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے منظوری دے دی ہے جس کے بعد محکمہ سماجی بہبود وخصوصی تعلیم وومن امپاورمنٹ نے باقاعدہ طورپر سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کے قیام کاا علامیہ جاری کردیا ،اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیرسماجی بہبود سینئر سٹیزنز ویلفیئر کونسل کے چیئرمین ،سیکرٹری سماجی بہبود خیبرپختونخوا وائس چیئرمین ا،دد اراکین صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی(حز ب اقتدار) ،جعفرشاہ (حزب اختلاف) حاحبزادہ محمد حلیم ،محمد عماد احمد، حبیب اللہ خان خٹک اورمیاں شاکر حسین اراکین ،سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری پی اینڈڈی، سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،کمشنر پشاورڈویژن ،ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود ایکس آفیشو ممبرز ہونگے۔

واضح رہے کہ مذکورہ قانون کے تحت بزرگ شہری وہ ہوں گے جن کی عمر 60 سال یا اس سے زائد ہو۔انہیں سینئر سیٹزنز کارڈ جاری ہوں گے جبکہ عجائب گھروں ۔لائبریریوں، پارکوں اوردیگر تفریحی مقامات میں سہولیات مفت حاصل ہوں گی۔ مستحق بزرگ شہریوں کی مالی معاونت کرنے سمیت ہسپتالوں میں ان کے لئے الگ کاوٴنٹر،الگ میڈیکل وارڈز اورسٹیزن ہوم قائم کیے جائیں گے علاوہ ازیں سینئر سٹیزن اداروں میں انہیں ممبر شپ بھی دی جائے گی اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت فنڈ بھی مہیا کرے گی۔