تبدیلی لانے کے وعدے میں تقریباً 90فیصد کامیابی حاصل کی ہے،، محمود خان

اتوار 9 اکتوبر 2016 17:56

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم اورامور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عام آدمی کو بااختیاربنانے اور حکومت کو روزمرہ کی بنیاد پر جواب دہ بنانے کے لئے معلومات تک رسائی کے قانون سمیت کئی ایک ایسے قوانین لاگو کئے جن کے تحت عام شہری بھی جان سکے گاکہ سرکاری سطح پر عوامی مسائل کس طرح حل کئے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشاڑی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حسین ارشد ، عمران جاوید ، فضل علی ، امان اﷲ ، اسماعیل ، عثمان ، امین خان ، ثناء اﷲ ، امجد علی ، عمر رشید ، شیر بہادر ، محمد آیاز اور ملک نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

مذکورہ کارکنان کی شمولیت سے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی کو سخت دھچکا لگا اور پی ٹی آئی یہاں پر مزید مضبوط ہو گئی ۔ صوبائی وزیر محمود خان نے نئے شامل ہونے وا لے ورکروں کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں مبارک باد یتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف تحریک انصاف کو تقویت ملے گی بلکہ علاقے کے عوام کی بہتر طور پر خدمت بھی کر سکے گی ۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کے سا تھ کئے گئے تبدیلی لانے کے وعدے میں تقریباً 90فیصد کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح قومی خزانے کو شیر مادر نہیں سمجھا بلکہ قومی امانت کے طور پر اس کے نگہبان ہیں اور اس کا ایک ایک پائی درست طریقے سے استعمال کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور سفارش کلچر جس نے ہمارے نظام کو کوکلہ کر دیا ہے کا خاتمہ ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج تھا جس سے نمٹنے کے لئے ہم نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام محکموں سے کرپشن کی جڑیں کاٹ دیں۔

محمود خان نے کہا کہ اﷲ کے فضل و کرم سے آج ہر طرف میرٹ کی بالادستی ہے اور عوام کو سستاانصاف مل رہا ہے ۔محمو د خان نے کہا ملاکنڈ ریجن کے پی ٹی آئی کے کارکن 30اکتوبر2016کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی کال پر لبیک کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک جیسے مخلص قیادت ہی ہمیں اندھیروں سے نکالیں گے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ہمیں مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا سکھایا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔