قدرتی آفات سے متعلق موثر اقدامات اٹھانے میں تمام ادارے بھرپور معاونت کریں، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ

اتوار 9 اکتوبر 2016 17:56

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء)8اکتوبر 2005ء کی گیارہویں برسی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان معتصم بااﷲشاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم، صحت، ایریگیشن، شہری دفاع، ٹی ایم اے کے علاوہ بڑی تعداد میں متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 2005ء کے زلزلے میں شہید ہونے والے افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی اور آئندہ آنے والے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے انسداد کے بارے میں حفاظتی تدابیر اور کنٹی جنسی پلان پر مفصل غورو خوص کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ سطح زمین پر آنے والے تمام قدرتی آفات کا تعلق براہ راست انسانوں کی طرز زندگی سے ہے، مثبت اور تعمیری طرز زندگی قدرتی آفات سے بچنے میں بڑی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی میں پیش آنے والے بڑے بڑے قدرتی آفات کا ذکر کیا اور ان آفات سے نبرد آزما ہونے کیلئے کئے گئے اقدامات سے سبق سیکھنے کی تلقین کی۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں قدرتی آفات کی وجوہات، ان سے نمٹنے کے اقدامات اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف جانی اور مالی نقصانات سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کریں۔ انہوں نے کالجز ، یونیورسٹیز، سکولوں، محکمہ صحت، جنگلات، ماحولیات اور سول ڈیفنس کے اداروں کو خصوصی اقدامات کرنے کی تلقین کی اور قدرتی آفات سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے بلدیاتی اداروں کے حکام اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات سے متعلق موثر اقدامات اٹھانے میں تمام اداروں کی بھرپور معاونت کریں۔ انہوں نے شرکاء سے ڈیرہ میں قدرتی آفات سے بچنے کیلئے صوبائی اور مقامی حکومت کی طرف سے کئے گئے خصوصی اقدامات کا تفصیلی ذکر کیا۔ اجلاس کے دوران محکمہ ایریگیشن کے نمائندے نے سیلاب سے پیش آنے والے قدرتی آفات کے تدارک اور اس سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے برساتی نالوں اور دریاؤں کے راستوں میں تعمیرات اور پانی کے بہاؤ میں غیر ضروری رکاوٹوں سے بچنے کی تلقین کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر حفاظتی پشتوں کی مناسب دیکھ بھال پر زور دیا اور وسیع پیمانے پر درختوں کے کٹاؤ سے منع کرنے اور نئے درخت لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسسٹرمینجمنٹ آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان زاہد پرویز وڑائچ نے قدرتی آفات سے بچنے کی تدابیر اور قدرتی آفات کے دوران مناسب اقدامات کی وضاحت کی۔ دیگر مقررین نے بھی 2005ء کے زلزلے اور 2010ء کے سیلابوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ قدرتی آفات سے بچنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔