دنیا میں 24 اقسام کی پھل کی مکھیاں ہیں جن میں سے 7 پاکستان میں ہیں٬محکمہ زراعت

پیر 17 اکتوبر 2016 19:45

ملتان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2016ء) محکمہ زراعت ملتان کے مطابق پاکستان نے سٹرس گلوبل گیپ سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیا ہے جس کا بنیادی مقصد ترشاوہ پھلوں کو بیماریوں٬ کیڑوں اور اس کے علاوہ زہروں کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے٬ پاکستان میں ترشاوہ پھل صف اول میں شمار کیے جاتے ہیں٬ یہ پھل پیداوار اور برآمد کے لحاظ سے دوسرے پھلوں کی نسبت سب سے آگے ہیں لیکن ضرورت اس ا مر کی ہے کہ ان ترشاوہ پھلوں کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملے سے بچایا جا سکے٬ ان کیڑوں میں زیادہ خطرناک ترشاوہ پھل کی مکھی ہے جو ترشاوہ پھلوں کو بہت نقصان پہنچاتی ہے٬ دنیا میں تقریباً 24 اقسام کی پھل کی مکھیاں موجود ہیں جن میں سے 7 اقسام پاکستان میں پائی جاتی ہیں٬ ترشاوہ پھل کی نر مکھی کو کنٹرول کرنے کے لئے فیرومون (میتھائل یوجینال) استعمال کیا جاتا ہے جو ترشاوہ پھل کی نر مکھی کے لیے بے حد کشش رکھتا ہے٬ پھل کی مکھی کے خاتمے کے لئے باغ کی صفائی انتہائی ضروری ہے اس لئے گرے ہوئے پھلوں کو اکٹھا کر کے 4 سے 5 فٹ گہرے گڑھے میں ڈالیں٬ پھر ان پھلوں پر مٹی ڈال کر گڑھے بند کر دیں یا پھر ان گرے ہوئے پھلوں کو اکٹھا کر کے کسی پکی سڑک یا سخت زمین جہاں سارا دن دھوپ رہتی ہو وہاں بکھیر دیں٬ سخت دھوپ میں 4 یا 6 گھنٹے تک پھل کو بکھیرنے سے مکھی کے لاروے اور انڈے مر جاتے ہیں٬ دوسرا سخت جگہ کی وجہ سے لاروے زمین کے اندر نہیں جا سکتے جس سے ان کی پیوپل حالت ختم ہو جاتی ہے٬ صفائی کے اس عمل سے 80 فیصد پھل کی مکھی کا کنٹرول کیا جا سکتا ہے٬ درختوں سے نیچے والی زمین کو گوڈی کرنے سے مکھی کے پیوپے کو ختم کیا جا سکتا ہے٬ ناقص انتظام والے باغات پھل کی مکھیوں کے جنسی ملاپ٬ بہت زیادہ باغات کا ہونا اور بہت زیادہ میزبان پودوں کا ہونا پھل کی مکھیوں کی آبادی میں اضافہ کا سبب بنتا ہے٬ پھل کی برداشت کے بعد درختوں پر لگے ہوئے پھل اور زمین پر گرے ہوئے پھلوں کو اکٹھا کر کے ضائع کرنے سے پھل کی مکھیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے٬ جلدی پھل کی توڑائی سے بھی پھل کی مکھیوں کے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے٬ پھل کی مادہ مکھیوں کو جنسی بلوغت کیلئے پروٹین والی خوراک کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

عام طور پر پروٹین ہائیڈرولائسیٹ استعمال ہوتی ہے۔ پروٹین ہائیڈرولائسیٹ کی قلیل مقدار بھی مادہ مکھی کو بہت زیادہ کھینچتی ہے۔ پروٹین ہائیڈرولائسیٹ میں کوئی زہر ملا دیا جاتا ہے٬ جن مادہ مکھیاں یہ زہر والی پروٹین ہائیڈرولائسیٹ کھاتی ہیں تو فوراً مر جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :