پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے جسمانی معذوری کا شکار بچوں کو مفت تعلیم مہیا کر دی٬ طارق محمود

بدھ 26 اکتوبر 2016 20:33

لاہور۔26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے بے وسیلہ بچوں کے ساتھ ساتھ معمولی نوعیت کی معذوری کا شکار مستحق بچوں و بچیو ں کو پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی ہے۔صوبہ پنجاب کے سات منتخب اضلاع میں محکمہ خصو صی تعلیم کے اشتراک سے شروع کر دہ اس پائلٹ پراجیکٹ کے مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن طار ق محمود نے یہا ں اپنے دفتر میں خصوصی بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں پیف اور محکمہ خصوصی تعلیم کے نمائندو ں نے شرکت کی۔ ایم ڈی پیف نے کہا کہ ہمارا مقصد پنجاب کے ہر مستحق بچے کی تعلیم تک یکساں رسائی کو ممکن بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صوبے کے 36اضلاع میں ہزاروں نجی سکولوں سے تعلیمی اشتراک کر کے 25لاکھ ضرورت مند طلباء وطالبات کو ان کے گھروں کے نزدیک تعلیم کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سات منتخب اضلاع میں 194پارٹنر سکولوں کے اشتراک سے خصوصی بچوں کی مفت تعلیم کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ یہ بچے تعلیم کے ذریعے معذوری کو شکست دے کر زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھیں۔

ہم غربت و معذوری کو کسی بچے کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننے دیںگے۔ہمار ا مشن ہے کہ ان بچوں کومفت ومعیاری تعلیم کے ذریعے بحال کر کے معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے خصو صی بچوں کو گھر وں تک محدود رکھنے کی بجائے انہیں پیف پارٹنر سکولوں میں داخل کر وائیں۔ محکمہ خصوصی تعلیم کے اشتراک سے ان طالب علموں کو ضروری معاون آلات (Assistive Devices)بھی مہیا کیے جائیں گے۔طارق محمو دنے مزیدکہا کہ جہالت سب سے بڑی سماجی معذوری ہے٬ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کا حق ہر بچے کو ملے۔ اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی تعلیمی پالیسیوں سے جہالت کے خاتمے میں نمایا ں مدد ملی ہے جو خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :