سرسید یونیورسٹی کی آئی ٹرپل اِی اسٹوڈنٹ برانچ کی افتتاحی تقریب

آئی ٹرپل اِی (IEEE) سرسید یونیورسٹی اسٹوڈنٹ برانچ کے ذریعے سرسید یونیورسٹی کے طلباء بین الاقوامی دنیا سے جُڑ جائیں گے٬ جاوید انوار

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے سرسید یونیورسٹی کی آئی ٹرپل اِی اسٹوڈنٹ برانچ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہران یونیورسٹی کے ڈین٬ ڈاکٹر بھوانی شنکر٬ بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر مدد علی شاہ٬ سرسید یونیورسٹی کے شعبہ بائیومیڈیکل کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ایم اے حلیم٬ شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد٬ ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر رابعہ نور انعام٬ آئی ٹرپل اِی اسٹوڈنٹ برانچ کے چیئر انجینئر نجم الاسلام ودیگر نے شرکت کی۔

اس یادگار موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ آئی ٹرپل اِی (IEEE) سرسید یونیورسٹی اسٹوڈنٹ برانچ کے ذریعے سرسید یونیورسٹی کے طلباء بین الاقوامی دنیا سے جُڑ جائیں گے اور اس فورم کے ذریعے طلباء کی رسائی اِن معلوماتی مراکز سے ہو جائے گی جہاں سے انھیں متعلقہ شعبوں کی کثیر معلومات اور جدید تحقیقی مواد فراہم ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سیمینارز اور کانفرنسوں میں شرکت ٬ اُن کا اعتماد بڑھانے اور اُن کی سوچ و فکر کا دائرہ وسیع کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔طلباء نئی سمتوں میں اپنی تحقیقی کوششوں اور کاوشوں کو آگے بڑھائیں گے۔ اُنھیں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تبدیلیوں اور دریافتوں سے آگہی حاصل ہو تی رہے گی اور وہ جدید طرز تعلیم اور تدریس سے روشناس ہوں گے جو اُن کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کاسبب بنے گی۔

چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ IEEE ایک پروفیشنل ایسوسی ایشن ہے جو دنیا بھر میں طلباء کو غیرمعمولی سہولیات اور مدد فراہم کر رہی ہے۔ یہ طلباء کے کیریئر کی ترقی میں بھی رہنمائی کرتی ہے اور اس کے توسط سے اُنھیں متعلقہ شعبوں کے بارے میں جدید معلومات سے واقفیت حاصل ہوتی رہتی ہے۔سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی نے کہا کہ IEEE کے ذخیرہ علم سے سرسید یونیورسٹی کے طلباء کافی استفادہ کر سکتے ہیں۔

اس فورم کے توسط سے طلباء جدید معلومات و ایجادات سے بروقت واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔مہران یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل٬ الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹس٬ ڈاکٹر بھوانی شنکر چودہری جو IEEE کراچی چیپٹر کے چیئر بھی ہیں نے اس موقع پر کہا کہ آئی ٹرپل اِی کے ذریعے معلومات اور علم کا خزانہ طلباء کی دسترس میں آگیا ہے کیونکہ آئی ٹرپل اِی معلومات کا ایک اہم اور سب سے بڑا مرکز ہے جہاں ٹیکنیکل نالج اور جدید دریافت و ایجادات سے متعلق مواد کی فراوانی ہے۔

ڈاکٹر شنکر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگلے سال سرسید احمد خان کی ۰۰۲ ویں سالگرہ شایانِ شان طریقے سے منائی جائے گی اور سرسید یونیورسٹی میں بائیومیڈیکل کے عنوان پر ایک شاندار سیمینار منعقد کیا جائے گا۔بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اِسکِل ڈیولپمنٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کہا کہ آئی ٹرپل اِی ذات و نسل سے بالاتر ہوکر علم کے طالب ہر فرد کے لیے نالج فراہم کرتی ہے اور اس کے توسط سے بلیو ٹوتھ جیسی جدید سہولیات متعارف کرائی جاتی رہی ہیں۔سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ ہم اگلے سال ۰۰۲ سالہ جشنِ سرسید پورا ہفتہ منائیں گے ۔اختتامِ تقریب پرORIC کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رابعہ نور انعام نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :