محکمہ ریونیو کا ہیڈکلرک اور نائب قاصد رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

جمعرات 27 اکتوبر 2016 23:06

رحیم یارخان۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء)تقسیم کھاتہ کی درستگی کیلئے 5ہزارروپے کی رشوت وصول کرنے والے محکمہ ریونیو کے ہیڈکلرک اور نائب قاصد کو اینٹی کرپشن پولیس نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں کامیاب چھاپہ مارکر گرفتارکرلیا٬ ذرائع کے مطابق ججہ عباسیاں کے رہائشی محمد نیاز احمد نے ڈپٹی ڈائریکٹراینٹی کرپشن بہاولپور طارق محمود بخاری کو دی جانے والی اپنی شکایت میں بیان کیا کہ اراضی کے کھاتہ تقسیم کی درستگی کیلئے محکمہ ریونیو کا ہیڈ کلرک کلیم شاہ اورنائب قاصد سلیم اللہ نے اس سے 5ہزار روپے کی رشوت طلب کی ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن رحیم یارخان زاہد مجید کو رشوت وصول کرنے والے ہیڈ کلرک اور نائب قاصد کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرنے کی ہدایت کی جس پر سرکل آفیسر زاہد مجید نے علاقہ مجسٹریٹ وعملہ کے ہمراہ تحصیل آفس پر چھاپہ مار کر رشوت وصول کرتے ہوئے ہیڈ کلرک کلیم شاہ اور نائب قاصد سلیم اللہ کورنگے ہاتھوں گرفتارکرکے رشوت میں وصول کی گئی 5ہزارروپے کی رقم برآمد کرلی دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تحقیقات کیلئے رحیم یارخان منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اینٹی کرپشن پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔