سعد حریری لبنان کے نئے وزیراعظم نامزد٬حکومت سازی کی دعوت بھی مل گئی

پارلیمانی مشاورت کے بعد حریری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی تشکیل کے لیے کہا ہے٬چیف آف سٹاف صدارتی محل

جمعہ 4 نومبر 2016 13:25

سعد حریری لبنان کے نئے وزیراعظم نامزد٬حکومت سازی کی دعوت بھی مل گئی

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) لبنان کے صدر میشال عون نے سرکردہ سنی سیاسی شخصیت سعد حریری کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر کے چیف آف اسٹاف انتوئین چوکیر نے ایک بیان میں کہا کہ ضروری پارلیمانی مشاورت کے بعد صدر نے سعد حریری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھیں حکومت کی تشکیل کے لیے کہا ہے۔

میشال عون نے لبنان کا صدر منتخب ہونے کے چند روز بعد سعد حریری کو وزیراعظم نامزد کیا ہے۔یہ فیصلہ ایک ڈیل کا نتیجہ ہے جس کے تحت سعد حریری نے اچانک اپنی مخالف حزب اللہ کے اتحادی عون کی حمایت کا اعلان کردیا تھا اور دو سال سے زیادہ وقفے کے بعد نئے لبنانی صدر کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔

(جاری ہے)

لبنانی پارلیمان کے 127 میں سے 110 ارکان نے نامزد وزیراعظم کی حمایت کا اظہار کیا ہے جبکہ شیعہ حزب اللہ تحریک ٬شامی سوشل نیشنل پارٹی اور لبنان کی بعث پارٹی نے ان کی حمایت نہیں کی ہے۔

یہ تینوں جماعتیں پڑوسی ملک شام میں جاری خانہ جنگی میں صدر بشارالاسد کی حکومت کی حمایت کررہی ہیں۔سعد حریری پانچ سال کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھال رہے ہیں۔ان کی سابقہ حکومت حزب اللہ اور اس کی اتحادیوں کے وزراء کی علیحدگی کے بعد ختم ہوگئی تھی۔ انھوں نے تب طویل سیاسی مذاکرات کے بعد تمام جماعتوں پر مشتمل قومی اتحاد کی حکومت بنائی تھی۔

متعلقہ عنوان :