وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی طرف سے کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا

جمعرات 10 نومبر 2016 21:45

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی طرف سے کشمیرکونسل یورپ (ای ..
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید کو یور پ میں مسئلہ کشمیر پر انکی ایک عرصے سے جاری جدوجہد کے اعتراف کے طورپر ایک خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ گذشتہ روز کشمیر کونسل ای یوکے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ میں جاری کشمیرای یو۔

ویک یا یورپ میں ہفتہ کشمیرکے دوران ایک کانفرنس میں دیاگیا۔اس موقع پراراکین پارلیمنٹ، ماہرین، دانشوروں، سیاسی اورسماجی زعمائ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے یہ ایوارڈ علی رضا سید کو سپرد کرتے ہوئے ان کی کشمیر کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے علی رضا سید کو مسئلہ کشمیر خصوصاً اس تنازعے کے پرامن حل کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کو یورپ میں اٹھانے پر یہ ایوارڈ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد علی رضا سید نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے کشمیر کونسل ای یو کی جدوجہد کواس ایوارڈ کے ذریعے سراہا ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ ان کایہ ایوارڈ ان سب لوگوں کے لئے ہے جو مظلوم کشمیریوں کی آواز کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کشمیر کونسل ای یوکی تمام جدوجہد کا سہرا کونسل کی ٹیم کے سرہے جوہمہ وقت اپنے تنظیمی کام میں مگن رہتی ہے۔

کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیریوں پر سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرناچاہتے ہیں۔ بھارت ایک طرف جمہوریت کی بات کرتاہے لیکن اس نے کشمیریوں کی آزادی اور جمہوری حقوق کو صلب کر رکھا ہے۔ (وقار)

متعلقہ عنوان :