تھور باڑہ زمینوں میں گندم کی فصل کے اگنے کے 25-20 دن بعد پہلی اور بھرپور آبپاشی کریں،زرعی ماہرین

پیر 14 نومبر 2016 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2016ء) یوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے عباس علی گل ِ ماہر شعبہ اگرانومی نے کہاہے کہ تھور باڑہ زمینوں میںبہتر اندرونی نکاس والی زمینوں میں گندم کی فصل کے اگنے کے 25-20 دن بعد پہلی اور بھرپور آبپاشی کریں۔ اس کے بعد وقفوں سے پانی اس طرح دیتے رہیں کہ نمکیات جڑوں سے نیچے رہیں۔

(جاری ہے)

سخت بافت کی تھورباڑہ زمینوں میں جن کا اندرونی نکاس کم ہو وہاں پہلی آبپاشی کے ساتھ 10 کلوگرام فی ایکڑ گندھک کا تیزاب ڈالنے سے گندم کی فصل پہلا پانی لگانے کے بعد پیلی نہیں ہوتی، کیونکہ اس عمل سے زمین میں ہوا اور پانی کا گزر آسان ہو جاتا ہے اور پیداوار بہتر ہوتی ہے۔

اصلاحی عمل کے بعد کاشتہ گندم کو 2.50 بوری یوریا، 5 بوریاں سنگل سپرفاسفیٹ یا 2 بوریاں ٹرپل سپرفاسفیٹ اور 1.25 بوری سلفیٹ آف پوٹاش ڈالیں۔ گزشتہ سالوں سے گندم میں چند عناصر صغیرہ جن میں بوران اور کاپر بہت اہم ہیں کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ جس سے پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ اگر کاشتکار گندم کو دو کلوگرام کاپر فی ایکڑ پہلے پانی کے ساتھ ڈال دیں تو بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔