ہوشربامہنگائی نے عوام کی مت ماردی۔اشرف بھٹی

قوت خرید کے بعدعوام کی قوت برداشت بھی جواب دے گئی،پی پی پی رہنماء

جمعہ 25 نومبر 2016 21:51

ہوشربامہنگائی نے عوام کی مت ماردی۔اشرف بھٹی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء).پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ہوشربامہنگائی نے عوام کی مت ماردی۔قوت خرید کے بعدعوام کی قوت برداشت بھی جواب دے گئی۔شہریوں کیلئے زندگی کی گاڑی کھینچنا آسان نہیں رہا۔حکمرانوں نے مختلف شعبوں کیلئے مختص فنڈز بھی اورنج ٹرین کی تعمیر پرجھونک دیے ۔

عوام کو بھوک اوربیماریوں کے رحم وکرم چھوڑدیا گیا جبکہ حکمران سرکاری مراعات کے مزے لے رہے ہیں۔مقروض ملک ارکان اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کامتحمل نہیں ہوسکتا ۔عوام کاپیٹ کاٹ کرحکمران اپنی عیش کاسامان کررہے ہیں۔ وہ فردوس پارک میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ نیپراکابجلی کی قیمتوں میں کمی کااعلان نہ ہونے کے برابر ہے ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں نے اپنے دورمیں صارف کی جیب پرڈاکے مارنے کے سواکچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس قدر ٹیکس کے باوجود عوام کوایک ٹیڈی پیسے کاریلیف نہیں دیا گیا ۔اپنے ہاتھوں خودکومارنے کارجحان حکمرانوں کی بے حسی اورناقص ترجیحات کاشاخسانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران محشر والے دن یقینا شہریوں کی خودکشی پر جوابدہ ہوں گے۔حکمران عوام کے کندھوں سے مسائل کابوجھ اتارنے کیلئے تیار نہیں۔ شہریوں نے اپنی حالت زاراورنظام ریاست کی تبدیلی کیلئے پیپلزپارٹی کی طرف دیکھناشروع کردیا ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ عوام کی امیدیں ضرورپوری ہوں گی ۔