صد ر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ میں نئے تعینا چودہ ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا

جمعہ 25 نومبر 2016 21:51

صد ر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ میں نئے تعینا چودہ ایڈیشنل ججز کی تقرری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2016ء) صدر پاکستان ممنون حسین نے لاہور ہائی کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے چودہ ایڈیشنل ججز کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ ؓآج سے انکے عہدوں کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب صبح گیارہ بجے عدالت عالیہ لاہور کے مرکزی لان میں منعقد ہوگی جس میں لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج صاحبان، صوبائی و وفاقی لاء افسران، وکلاء اور عدالت عالیہ کے افسران سمیت حلف اٹھانے والے ججز کی فیملیز بھی شرکت کریں گی۔

حلف اٹھانے والوں میں سیشن ججز مجاہد مستقیم احمد، طارق افتخار احمد، عبدالستار، حبیب اللہ عامر، ایڈووکیٹ محمد بشیر پراچہ، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اسجد جاوید گورال، ایڈووکیٹ طارق سلیم شیخ، ایڈووکیٹ جواد حسن،ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل احمد رضا گیلانی،ڈپٹی اٹارنی جنرل لاہور مزمل اختر شبیر، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل مدثر خالد عباسی ، عبدالرحمان اورنگزیب ایڈووکیٹ بہاولپور، محمد علی ایڈووکیٹ راولپنڈی اور چودھری عبدالعزیزایڈووکیٹ راولپنڈی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین نومبر کے اجلاس میں عدالت عالیہ لاہور کے لئے 14 نئے ججز کی تقرری کی منظوری تھی۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار، مسٹر جسٹس آصف سعید کھوسہ، مسٹر جسٹس امیر ہانی مسلم، مسٹر جسٹس اعجاز افضل خان، سابق جج سپریم کورٹ جاوید اقبال، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ، سینئر ترین جج لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، ممبر پاکستان بار کونسل یٰسین آزاد، ممبر پنجاب بار کونسل جاوید ہاشمی اور صوبائی وزیر قانون پنجاب نے شرکت کی، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ کی جانب سے پیش کردہ ناموں کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔

چودہ ججز کے حلف اٹھانے کے بعد عدالت عالیہ لاہور میں جج صاحبان کی منظور شدہ تعداد 60 پوری ہوجائے گی

متعلقہ عنوان :