لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تقریبات ‘ضلعی عدلیہ اور ڈسٹرکٹ بار کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کا انعقاد

دوستانہ کرکٹ میچ قصور بار کی ٹیم نے جیت لیا ‘بہترین بیٹسمین کا اعزاز جسٹس عاطر محمود جبکہ مین آف دی میچ عدنان ایڈووکیٹ قرار پائے ایسے تفریحی پروگرامز کے انعقاد سے عدلیہ اور بار کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے ‘جسٹس عاطر محمود

اتوار 27 نومبر 2016 18:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی عدلیہ اور ڈسٹرکٹ بار کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ میچ گزشتہ روز ڈی پی ایس سکول کی گرائونڈ میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے لاہور ہائیکورٹ کے 150سال مکمل ہونے پر پنجاب بھر میں تقریبات منعقد کروانے کا اعلان کیا تھا جس کی روشنی میں ضلع قصور میں تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے اور دوسرے روز ضلعی عدلیہ اور ڈسٹرکٹ بار کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک دوستانہ میچ کھیلا گیا ۔

ضلعی عدلیہ کی ٹیم کی قیادت ایڈیشنل سیشن جج زاہد غزنوی نے کی جبکہ کھلاڑیوں میں ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان احمد ضیاء وائس کیپٹن ‘شبیر گل ‘عمر رضوان ‘رانا شکیل ‘زمان رانجھا‘فیضان رسول ‘کامران کرامت ‘شہوار واہگہ ‘فاروق ‘حافظ نصیب اللہ شامل تھے ۔

(جاری ہے)

نمایاں بات یہ تھی کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطہر محمود اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ ضلعی عدلیہ کی ٹیم کا حصہ تھے ۔

جبکہ دوسری طرف ڈسٹرکٹ بار کرکٹ ٹیم کی قیادت عدنان اشرف ایڈووکیٹ نے کی اور ڈسٹرکٹ بار کے صدر چوہدری منیر احمد بھی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے ۔ ضلعی عدلیہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3وکٹوں کے نقصان پر 127رنز بنائے ۔ ڈسٹرکٹ بار کی ٹیم نے یہ ٹارگٹ 10ویں اوور میں پورا کر کے یہ میچ جیت لیا ۔ ضلعی عدلیہ کی طرف سے سب سے زیادہ 34رنز سکور کرنے پر جسٹس عاطر محمود بیسٹ بیٹسمین قرار پائے جبکہ بیسٹ بائولر کا اعزاز سو ل جج حافظ نصیب اللہ کو دیا گیا ۔

بیسٹ فیلڈر کا اعزا ز سول جج احمد ضیاء اور مجموعی طور پر میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عدنان اشرف ایڈووکیٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔بعدازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام منعقد کرنے سے بار اور عدلیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوتے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے پروگراموں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جائے کیونکہ اس طرح کے تفریحی پروگرامز کے انعقاد سے جج صاحبان کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ بار اور عدلیہ ایک ہی گاڑی کے دو پہیئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ اور انکی ٹیم کو بہترین انتظامات کرنے پر کبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ نے ڈسٹرکٹ بار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کا اعتماد اور تعاون انہیں ضلع قصور کے وکلاء کی جانب سے ملا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ تقریب کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور انتظامی افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔