فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بھٹہ مالکان کو جبری مشقت اور چائلڈلیبرسے روک دیا گیا

اتوار 4 دسمبر 2016 14:30

فیصل آباد۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ میں بھٹہ مالکان کو جبری مشقت اور چائلڈ لیبر سے روک دیا گیاہے جبکہ تمام بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی اجرتوں کی ادائیگیاں بھی 15د ن کے اندر کرنے اور حکومتی اعلان کے مطابق اجرتوں میں اضافہ یقینی بنانے کا بھی حکم دیاگیاہے اور کہاگیاہے کہ مذکورہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

کمشنر فیصل آباد ڈویژن مومن ۱ٓغا نے چاروں اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نہ صرف اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کامکمل تحفظ کریں بلکہ ان کیلئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اجرتوں پر بھی ہر حال میں عملدرآمد کروایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ بھٹوں پر جبری مشقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے اچانک اینٹوں کے بھٹوں کے امور کوچیک کیاجائیگا نیز اگر کسی مقام پر مذکور ہ احکامات کی خلا ف ورزی پائی گئی تو متعلقہ بھٹہ مالکان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔