حضوراکرم ؐ کی شان دنیامیں سب سے اولیٰ ہے، شبیر ابوطالب

بدھ 14 دسمبر 2016 22:20

حضوراکرم ؐ کی شان دنیامیں سب سے اولیٰ ہے، شبیر ابوطالب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور نبی ؐ کے غلاموں کاشہر کراچی کے چیئرمین وممتاز اسلامی اسکالر محمدشبیرابوطالب نے کہاہے کہ ساری دنیااپنے آقاومولیٰ ؐ کی دنیامیں تشریف آوری کاجشن منارہی ہے لیکن ہمارے حکمران غیر مسلموں کے غم میں مرے جارہے ہیں، سندھ اسمبلی نے سات منٹ میں اقلیتی بل منظورکیاتو نوازشریف نے عظیم سائنسدان پروفیسر ریاض الدین کے نام سے منسوب چیئر کو قادیانی عبدالسلام سے منسوب کردیاہے،سرکاری سطح پر قائد کا مہینہ تو منایاگیا،لیکن دنیاکی سب سے عظیم ہستی امام الانبیاء ومرسلین کامہینہ سرکاری سطح پر منانے کی وفاقی وصوبائی حکومتوں کو توفیق نہ ہوئی۔

یہ باتیں انہوں نے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی جلوس میلادالنبی ؐ میں شریک عاشقان مصطفیٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں،جلوس سے صوبائی صدر علامہ سید عقیل انجم قادری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

نبی ؐ کے غلاموں کا شہر کراچی کے تحت جے یوپی کا مرکزی جلوس بعد نمازظہر ککری گرائونڈ سے نکالاگیاجو براستہ مزارباباچھٹن شاہ، کھارادرپولیس چوکی، میمن مسجد بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ، ڈینسوہال، مزارقطب عالم شاہ بخاری، سعید منزل، تبت سینٹر سے ہوتاہوانورانی چورنگی(نمائش) پر اختتام پذیر ہوا،جلوس کی قیادت شبیر ابوطالب، علامہ سید عقیل انجم قادری کے علاوہ قاضی شکیل احمدنورانی، سید محمدعباس نورانی، عبدالوحید یونس، قاری رشید اعوان، زبیر نورانی،مولانافدااحمدنعیمی، قاری محمدادریس قاضی،محمدعاطف نورانی ،اسفندیارخان ودیگر کررہے تھے۔

شبیر ابوطالب نے کہاکہ ہم کسی کی طرف انگلی نہیں اٹھاتے مگر یہ بتانا بھی ضرور سمجھتے ہیں کہ اسلام کے تمام تہوار اور ایام بلکہ یہ پوری کائنات ہی ہمیںحضوراکرم ؐ کے صدقے میں ملی ہے،لہٰذا دیگر تمام ایام کی حیثیت ثانوی ہے اور حضوراکرم ؐ کی شان دنیامیں سب سے اولیٰ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ربیع الاول میں کسی بھی ناگہانی واقعے سے نمٹنے کے انتظامات کرنے کے نجائے خالی خولی دعوے ہی کئے ،سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کا کوئی انتظام نہیں تھا،صفائی ستھرائی کاکوئی انتظام کیاگیانہ سڑکوں اور گلیوں کی مرمت ہوئیKالیکٹرک نے بھی حسب عادت اپناوعدہ وفانہ کیاشہر کے بیشتر علاقوں میں اندھیرے راج کرتے رہے عاشقان رسول کے چراغاں پر خرچ کئے گئے لاکھوں روپے ضائع ہوگئے ۔

شبیر ابوطالب نے کہاکہ ایساتو کسی غیر اسلامی ملک میں بھی نہیں ہوتا ،حکمران اسلامی نظریاتی مملکت کے تشخص کو بربادکررہے ہیں، لیکن ملک کے غیور عاشقان مصطفیٰ اسلام دشمنی کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عہد کرچکے ہیں اور حکمرانوں کی من مانیوں کے خلاف باہر نکل کر احتجاج کریں گے۔