وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ملاقات

ترک قوم نے اپنے عظیم قائدرجب طیب اردوان کی قیادت میں عظیم جدوجہد کر کے جمہوریت کو بچایا،وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ کی ترکی میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت ،جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا پاکستان اور ترکی کے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں،محمدشہبازشریف ترک عوام محمد شہبازشریف کی صلاحیتوں کے معترف ہیں،انہوں نے تعلقات کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کیا ہے۔احمت البراک

پیر 19 دسمبر 2016 11:12

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین ..
لاہور۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایوان وزیراعلیٰ میں ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران احمت البراک نے پنجاب میں ہاؤسنگ اور سماجی شعبے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کرنے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں جمہوریت کے ساتھ جس والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ ترکی کی عظیم قوم نے اپنے عظیم قائدرجب طیب اردوان کی قیادت میں عظیم جدوجہد کر کے جمہوریت کو بچایا ، بلاشبہ یہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے ہرممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا گیا ہے۔ترک گروپ کی جانب سے پنجاب کے سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ترکی میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام غم کی گھڑی میںترکی کے عوام کے ساتھ ہیں اورہمارے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں ۔

پاکستان کی طرح ترکی بھی دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو مل کر شکست فاش دینا ہو گی۔ملاقات کے دوران ترکی میں دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں ہاؤسنگ اور سماجی شعبے کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی روابط کے تحت کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کیا ہے۔ ترکی کے عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں، بلاشبہ محمد شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، عائشہ غوث پاشا،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔