میاں محمودالرشید نے پنجاب اسمبلی میں2قراردادیں جمع کروادیں

اوگرا،پی ٹی اے،فریکونسی ایلوکیشن بورڈ سمیت پانچ ریگولیٹری اتھارٹی کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کافیصلہ غیردانشمندانہ ہے،اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 دسمبر 2016 19:44

میاں محمودالرشید نے پنجاب اسمبلی میں2قراردادیں جمع کروادیں

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21دسمبر2016ء) : اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الر شید نے سی این جی کی قیمتوں میں اوگرا کا کردار ختم کرنے اور مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر او گرا، پی ٹی اے، فریکونسی ایلو کیشن بورڈ سمیت پانچ ریگولیٹری اتھارٹی کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے متعلق دو قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیں۔ جمع کرائی گئی پہلی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سی این جی کی قیمتوں کے تعین میں اوگرا کے کردار کو ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کرتا ہے، اس فیصلے سے عوام کو سی این جی مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور کر دیا گیا ہے جس سے کروڑوں لوگ پریشانی سے دو چار ہیں، لہٰذا یہ ایوان وفاقی حکومت سے فی الفور یہ غیر دانشمندانہ اقدام واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے اور اوگرا سمیت دوسری ریگولیٹری اتھارٹی کو مضبوط کیا جائے اور ان میں حکومتی مداخلت ختم کی جائے۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید نے جمع کرائی گئی دوسری قرار داد میں کہا ہے کہ یہ ایوان پانچ مختلف ریگولیٹری اتھارٹی کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کے حکومتی عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان اداروں کی خود مختاری کو فی الفور بحال کیا جائے اور ان کو آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔