پاکستان دفاعی و ایٹمی صلاحیتوں میں بھارت سے کئی گنا آگے ہے،ہمارے ماہرین دفاعی میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں،دفاعی تجزیہ کار

جمعہ 23 دسمبر 2016 11:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) دفاعی تجزیہ کار ائیرمارشل(ر) شاہد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی و ایٹمی صلاحیتوں میں بھارت سے کئی گنا آگے ہے اور دنیا اس کی معترف ہے۔ بھارت کے چوتھے میزائل تجربہ میں ناکامی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت شروع سے دفاعی میدان میں پاکستان کی تقلید کرتا چلا آرہا ہے جس میں بھارت کو ہمیشہ ناکامی اور پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی میزائل تجربہ میں ناکامی کوئی تعجب کی بات نہیں ،اس نے جب جب پاکستان کے مقابلے کی کوشش کی ہے اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ شاہد لطیف نے کہا کہ پاکستان کے انجیئنرز نے جب ٹینک بنانا شروع کیے تھے اس وقت بھارت نے مقابلے کی کوشش کی جس میں ہمیں کامیابی اور اسے ناکامی ہوئی اس کے بعد جب پاکستان نے چین کی شراکت داری سے جے ایف تھنڈر کی تیاری کا مرحلہ شروع کیا تو اس وقت بھارت نے اپنے لائٹ طیارے ایل سی اے کی تیاری شروع کر دی جس میں اسے منہ کی کھانا پڑی۔

(جاری ہے)

جوہری ٹیکنالوجی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سے پہلے ایٹمی دھماکے کئے جس کے بعد پاکستان نے اس سے کئی گنا طاقتور اور کامیاب تجربے کئے۔ انھوں نے پاکستان کے سانسدانوں اور انجیئنرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ماہرین تیزی سے دفاعی میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم ان پر جتنا بھی فخر کریں کم ہے۔ انھوں نے مذید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی و دفاعی صلاحٰیت اپنے دفاع اور پر امن مقاصد کے لئے ہے جارحیت کے لئے نہیں جبکہ بھارت کی جانب سے دفاعی صلاحیت حاصل کرنے کا مقصد صرف جارحیت ہے۔

متعلقہ عنوان :