وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سی پیک اجلاس میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے

منگل 27 دسمبر 2016 22:31

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سی پیک اجلاس میں شرکت کیلئے چین روانہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے تین رکن اور متعلقہ سینئر افسران کے ہمراہ سی پیک کے اجلاس میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ گڑہی خدا بخش بھٹو میں محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے فوراً بعد اسپیشل فلائٹ کے ذریعے چین روانہ ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر منظور وسان، جام خان شورو، سید ناصر شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم، سیکریٹری توانائی آغا واصف، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہٰ فاروقی، بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن اور دیگر افسران شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ تین اہم منصوبوں کیٹی بندر، پاور پارک اور اسپیشل جیٹی، کراچی سرکولر ریلوے اور دھابیجی خاص اقتصادی زون کے متعلق جے سی سی کے اجلاس میں پریزنٹیشن پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے وفاقی حکومت نے پہلے ہی کیٹی بندر اور کراچی سرکولر ریلوے کو سی پی ای سی میں شمولیت کی اجازت دے دی ہے اور چائنیز اتھارٹیزنے کے سی آر میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ وہ جے سی سی کے اجلاس میں سنجیدگی سے کیس پیش کریں گے اور مجھے اُمید ہے کہ یہ تینوں منصوبوں کو سی پیک کیلئے منظور کرلیا جائے گا۔ وزیرا علیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ سندھ کی عوام خاص طور پر کراچی کے شہریوں بلکہ پورے پاکستان کیلئے اچھی خبر لے کر آئوں گا۔