ناجائز تجاوزات کے خلاف شہر میں آپریشن کلین اپ کا آغاز

منگل 17 جنوری 2017 13:39

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) ناجائز تجاوزات کے خلاف 16جنوری کی دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد میونسپل کمیٹی نے شہر میں آپریشن کلین اپ کا آغاز کرتے ہوئے پہلے روز بڑے پیمانے پر کاررو ائی کی ہے۔ انجمن تاجران ا ور کاروباری تنظیموں کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے تاجروں نے میونسپل کمیٹی کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

میونسپل کمیٹی رحیم یارخان کے چیئرمین میاں اعجازعامر کی ہدایت پر چیف آفیسر میاں مظہر رشید‘ ٹی او آر محمودخان اور لینڈ آفیسر وحید سردار نے میونسپل کمیٹی کے عملہ کے ساتھ شاہی روڈ‘ ریلوے روڈ‘ صادق بازار‘ بانو بازار‘ نوشہرہ مائنرکے اطراف سمیت اندرون شہر مختلف مارکیٹوں ا ور بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ریڑھیاں‘ پھٹے اور غیر قانونی طور پر لگائے گئے اڈے ہٹادیئے۔

(جاری ہے)

ناجائز تجاوزات کے ساتھ ساتھ شاہی روڈ اور دوسری مارکیٹوں میں ٹریفک پولیس کی مدد سے غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اور مجوزہ نوپارکنگ زون سے لفٹر کی مدد سے متعدد کاریں اٹھالی گئیں۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین میاں اعجازعامر نے خود بھی شاہی روڈ اور د وسرے بازاروں او ر مارکیٹوں کا دورہ کرکے ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر تاجروں اور شہریوں نے ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم شروع کرنے پر اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ میاں اعجازعامر نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک کرنے کی مہم میں شہریوں اور بالخصوص تاجروں کا تعاون اور مثبت ردعمل دیکھ کر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔ کیونکہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے ہی شہر میں بیشتر تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں۔

تاجر برادری اور شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے ساتھ تعاون کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا تو آئندہ چند دنوں میں رحیم یارخان شہر ناجائز تجاوزات سے پاک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے اس اقدام کا مقصد کسی بھی شخص کو اس کے روزگار سے محروم کرنا نہیں‘ ریڑھی کے ذریعے روزگار کمانے والوں کو مناسب مقامات پر جگہ فراہم کی جائے گی۔