سیکرٹری زراعت کا زراعت ھائوس راولپنڈی کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار

جمعرات 19 جنوری 2017 16:41

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء)سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود نے راولپنڈی میں محکمہ زراعت کے شعبہ تحفظ اراضیات،ایجنسی برائے بارانی ایریا ڈویلپمنٹ اور بارانی زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ انہوں نے زراعت ہائوس راولپنڈی کی زیر تعمیر عمارت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ملک اکبر ڈائریکٹر تحفظ اراضیات محکمہ زراعت پنجاب،ملک لیاقت علی ایگزیکٹو انجینئر اور مرزا طارق سب انجینئر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے سیکرٹری زراعت پنجاب کو تعمیراتی کام کے متعلق بریفنگ دی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے زراعت ھائوس کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیااور مزید بہتری اور تعمیراتی کام کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

ایجنسی برائے بارانی ایریا ڈویلپمنٹ (آباد)کا دورہ کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب کو ادارہ ھذٰا کے ڈائریکٹر جنرل فاروق حمید شیخ نے بریفنگ دی ۔انہوں نے آباد کے اغراض و مقاصد اور موجودہ پروجیکٹس کی تفصیلات کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آبی وسائل کے اضافے کے ضمن میں بارانی علاقوں میں 400منی ڈیمز کی تعمیر ایک اہم قدم ہے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ تحفظ اراضیات اور اصلاح آبپاشی کے ساتھ مل کر مزیدآبی وسائل بنانے پر کام کیا جائے۔انہوں نے کام کی تکمیل کے سلسلہ میں ہر طرح کے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔