قومی اسمبلی ‘پی ٹی آئی کی امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کے مسلم دشمن اقدامات کیخلاف قرارداد پیش کرنے کیلئے ہنگامہ آرائی

ڈاکٹر عارف علوی،شیریں مزاری،لال چند ملہی اور دیگر ارکان (ن) لیگی ارکان کے توجہ دلائونوٹس کے دوران قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر نشستوں پرکھڑے ہوگئے ‘شیم شیم شیم کے نعرے ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی کاحکومت اور دیگراپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کیے بغیر قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار حکومت ٹرمپ کے اقدامات پر امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کرے‘عارف علوی کامطالبہ

بدھ 1 فروری 2017 18:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کی امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کے مسلم دشمن اقدامات کے خلاف قرارداد پیش کرنے کیلئے ہنگامہ آرائی،ڈاکٹر عارف علوی،شیریں مزاری،لال چند ملہی اور دیگر ارکان (ن) لیگی ارکان کے توجہ دلائونوٹس کے دوران قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر نشستوں پرکھڑے ہوگئے اور شیم شیم شیم کے نعرے لگاتے رہے ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی نے حکومت اور دیگراپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کیے بغیر قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکارکردیا،عارف علوی نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹرمپ کے اقدامات پر امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کرے۔

بدھ کو نکتہ اعتراض پر ارکان اسمبلی عارف علوی،عارفہ خالد،صاحبزادہ یعقوب ،ساجد احمد اور میجر(ر)طاہر اقبال نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ٹرمپ کے سات مسلمان ممالک کے ویزے جاری کرنے پر پابندی کے اعلان پر دنیا بھر میں احتجاج کیاجارہاہے مگر ہماری پارلیمنٹ اور حکومت خاموش ہے،او آئی سی بھی خاموش ہے اس اقدام سے دنیا بھر میں حالات خراب ہونگے،امریکہ میں مساجد جلائی جارہی ہیں اور مسلمانوں پر حملے ہورہے ہیں،امریکی سکولوں میں بچوں سے توہین آمیز سلوک کیاجارہا ہے،پاکستان امریکی سفیر کو بلاکران اقدامات پر احتجاج کرے،ہماری قرارداد ہے حکومت اسے دیکھ لے اور پارلیمنٹ منظور کرے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ قرارداد کے حوالے سے قواعد موجود ہیں،قراردادپیش کرنے کیلئے یاسیکرٹریٹ کونوٹس دیاجاتا ہے یاپھر پارلیمنٹ میں حکومت ے مل کر اتفاق رائے حاصل کیاجاتا ہے۔عارفہ خالد نے کہاکہ شیریں مزاری نے ڈپٹی سپیکر کے ڈائس پر آنے پرآواز کی کہ وہ پھر آگیا انہیں اس طرح کے توہین آمیز ریمارکس پر معافی مانگنی چاہیے۔صاحبزادہ یعقوب نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ کا پالیسی بیان قابل مذمت ہے۔میجر(ر) طاہر اقبال نے کہاکہ حج کوٹے میں 40ہزار کا اضافہ ہورہاہے یہ کوٹہ سرکاری سکیم کو دیاجائے تاکہ عوام سستاحج کرسکے۔…(خ م+ع ع)