پنجاب یونیورسٹی یونیورسٹی کو سرسبزو شاداب بنانے کیلئے اقدمات کئے جا رہے ہیں، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

ماحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے آگاہی واک، موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد

جمعرات 9 فروری 2017 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کو گرین کیمپس کا درجہ دے رہے ہیں اورگرین پنجاب یونیورسٹی کے نعرے کو اپنایا جائے گا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار انٹی گریٹٹڈ مائونٹین ریسرچ کے زیر اہتمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے اشتراک سے وزیر اعظم گرین پاکستان پروگرام کے تحت موسم بہار کی شجر کاری مہم 2017ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ڈائریکٹر سنٹر ڈاکٹر خالدہ خان، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، فیکلٹی ممبران اورطلبائو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہاکہاگر ہمیں صحت مند زندگی چاہئے تو ماحول کو لازمی طور پر صحت مند بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترقی کیلئے نئے آئیڈیاز پر کام کرنے پر زور دیا۔انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ماحول کے تحفظ بارے آگاہی دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظایہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالدہ خان نے کہا کہ ماحول میں کوئی چیز جدا نہیں بلکہ ہر قدرتی جز ایک دوسرے سے جڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر فار انٹی گریٹٹڈ مائونٹین ریسرچ کی جانب سے ماحول کے تحفظ بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے جار ہے ہیں۔

معروف سائنسدان اورنگزیب الحافی نے کہا کہ ماحول کومحفوظ بنانے کیلئے ہمیں ضرور گہرائی تک جھانکنا ہوگا کیونکہ تمام چیزیں ایکدوسرے پر انحصار کرتی ہیں۔ صدر کے ٹو کنگز ٹورسٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان احمد طاہر نے کہا کہ ہم اپنے رویوں میں تبدیلی لاکر ہی ماحول کی بہتر تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور خوبصورتی سے نواز رکھا ہے مگر اس کی پرواہ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا میڈیا بھی ماحول کے تحفظ کے لئے مناسب توجہ نہیں دے رہا۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے ماحول کو محفوظ بنانے بارے آگاہی واک کی قیادت کی جبکہ کے ۔ ٹو کنگز ٹورسٹ ایسو سی ایشن کی جانب سے موٹر بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میں شرکاء نے پلے کارڈزاور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ تقریب میں طلبہ کی جانب سے ماحول کو محفوظ بنانے کے پیغامات پر مبنی کئی سکٹس بھی دکھائے گئے۔ وائس چانسلر اور دیگر شرکاء نے سنٹر میں درخت بھی لگائے۔