لاہور، وزیر اعلی کی ہدایت پر سانحہ مال روڈ کے زخمیوں کی مالی امداد کا سلسلہ شروع

متعلقہ ارکان اسمبلی اور متعلقہ یونین کونسلوں کے چئیرمینوں کے ذریعے زخمیوں کی عیادت ،حکومت پنجاب کی طرف سے چیک بھی جاری کئے گئے

بدھ 15 فروری 2017 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2017ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدائت پر سانحہ مال روڈ کے زخمیوں کی مالی امداد کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور متعلقہ ارکان اسمبلی اور متعلقہ یونین کونسلوں کے چئیرمینوں کے ذریعے سانحہ مال روڈ کے زخمیوں کی عیادت کے ساتھ ساتھ انہیں حکومت پنجاب کی طرف سے چیک بھی دئیے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ملک سیف الموک کھوکھر نے چئیرمین یونین کونسل ملک نثار کھوکھر ‘وائس چئیرمین فیصل اشرف چودھر ی افتخار‘ یوتھ کونسلر ملک اویس اور اے سی علی شہزاد کے ہمراہ سانحہ مال روڈ کے ایک زخمی محمد یوسف کے گھر جا کر نہ صرف اس کی عیادت کی بلکہ ان کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور اس المناک سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ان کے لواحقین سے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ ان کے دکھ درد اور غم میں برابر کے شریک ہیں حکومت پنجاب تمام زخمیوں کے علاج معالجہ کو بہترین بنا رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر دستیاب وسائل کو برئوے کار لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

یونین کونسل115 کے چیئرمین ملک نثار کھوکھر نے گزشتہ روز مال روڈپر ہونے والے خودکش دھماکے میں 14افرادکی شہادت اور 100سے زائد افرادکے زخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث افراداور ان کے سہولت کاروں کومنظرعام پرلاکر ان کی سخت سزامقررکرکے نشان عبرت بنایاجائے گا درندہ صفت دہشت گرداوران کے سہولت کاردوبارہ ملک کی ساکھ کونقصان پہنچانے کیلئے متحرک ہوچکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف ہسپتالوں میں سانحہ لاہور میں زخمی ہونیوالوں کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پی پی کی صدر آسیہ افروز نے کہا ہے کہ عمران خان کو بم دھماکوں کے ایشوز پر بھی سیاست کرتے ہوئے شرم نہیں آتی اب ان کی حکومت والے صوبے کے پی کے کے اہم شہر پشاور میں بھی دھماکہ ہوا ہے کیا اس پر ہم بھی سیاست کریں ہر گز نہیں ہم ایسا نہیں کریںگے اور اس نازک موقع پر سیاست کرنے کی بجائے ہم لاہور بم دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہیں اور پشاور بم دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہیں اور عمران خان سے بھی کہتے ہیں کہ وہ سیاست کرنا چھوڑ دے اور قومی ایشوز اور سانحات پر سیاست چمکانے کی بجائے ملکی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔