صنعت کار ، تاجراور انویسٹرز تجاویز دیں ، تمام مسائل حل کرینگے،گورنر سندھ

پالیسیاں بناتے وقت حکومت اوورسیز چیمبرز کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھے گی، مشترکہ اقدامات سے صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو مزید اجاگر کیا جائیگا، محمد زبیر ملک کا روشن و تابناک اقتصادی مستقبل کراچی کی خوشحالی و معاشی ترقی میں مضمرہے،اووسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی کے 7 رکنی وفد سے گفتگو

بدھ 8 مارچ 2017 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک کا روشن و تابناک اقتصادی مستقبل کراچی کی خوشحالی و معاشی ترقی میں مضمرہے، بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کے معاشی حب ہونے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں معاشی سرگرمیاں مزید تیز ہو گئیں ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی سرمایہ کاروں کے لئے ایک آئیڈیل شہر بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کاروبار کرنے والی تمام غیر ملکی کمپنیوں کی نمائندہ ا ووسیز انویسٹرز چیمبر آف اینڈ انڈسٹر ی ملکی مجموعی ٹیکسز کا ایک تہائی ادا کرتی ہے OICC کی ملکی ترقی میں خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اووسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی کے 7 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد کی سربراہی حب کو پاور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خالد منصور کررہے تھے۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو معاشی ،اقتصادی اور کاروبادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کے لئے مختلف تجاویز بھی دیں ،وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ محصولات میں یکسانیت سے صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہاکہ کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلوانے کے لئے اوورسیز انویسٹر ز نے نمایاں کردار ادا کیا ہے حکومت ان کے کردار کو سراہتی ہے ، صنعت کار اور انویسٹرز اپنے اپنے شعبوں کے مسائل پر تفصیلی ورکنگ پیپرز بھیجیں حکومت ٹیکسز اور محصولات سمیت دیگر مسائل حل کرے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے تعاون کرے گی اس ضمن میں نجی شعبہ بھی اپنا فعال کردار ادا کرے۔گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ صنعتی و کاروباری شعبہ کے لئے پالیسیاں بناتے وقت حکومت اوورسیز چیمبرز کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھے گی تاکہ مشترکہ اقدامات سے صنعتوں و کاروباری سرگرمیوں کو مزید اجاگر کیا جاسکے ۔ اوورسیز چیمبرز نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔