حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے فوری طور پر با صلاحیت اور تجربہ کار وزیر خارجہ کا تقرر کرے ‘سراج الحق

مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر ہندوستان مظالم ڈھا رہا ہے حکومت اور پاکستانی سفارت خانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں

بدھ 8 مارچ 2017 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عبدالرشیدترابی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میںمسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی کانفرنس میں مشاورت کے بعد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور جامع حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے ایجنڈا حکومت پاکستان کو ارسال کر دیا ہے ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے فوری طور پر با صلاحیت اور تجربہ کار وزیر خارجہ کا تقرر کرے جو عالمی سطح پر کشمیر کے حوالے سے سفارتی سرگرمیوں کو منظم کرے ۔

او آئی سی کا سربراہی اجلاس مسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں بلوایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر ہندوستان مظالم ڈھا رہا ہے حکومت اور پاکستانی سفارت خانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں اگر ایسا نہیں ہو گا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اول روز سے کشمیر کاز سے وابستہ ہے ۔

کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق، حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد دیا جائے ۔ پاکستان کے 20کروڑ عوام کشمیریوں کی آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کو NFCایوارڈ میں صوبوں کے برابر حصہ دے،پن بجلی کے منصوبوں میں بھی کشمیریوں کو حصہ دیا جائے متاثرین زلزلہ کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے جو رقم منتقل ہوئی ہے وہ بھی واپس کی جائے اور حکومت پاکستان فراخ دلانہ طور پر مزید امداد بھی آزاد کشمیر حکومت کودے تا کہ آزاد کشمیرکے مسائل حل ہوں، تعمیر و ترقی تیز ہو، سکول کالجز اور ہسپتال بن سکیں ۔