صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر کا افتتاح کر دیا

پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں‘رضا علی گیلانی

منگل 11 اپریل 2017 19:20

صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے انڈر گریجوایٹ بلاک نیو کیمپس میں پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر کا افتتاح کر دیا ۔ اس مناسبت سے الرازی ہال میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن جاوید سمیع، سیکرٹری افتخار تارڑ، ڈاکٹر محمد اویس، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے قیام کے لئے اعلان کیا تھا اور اب ہم عملی طور پر اس کی شروعات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس کے لئے حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی جبکہ اس سلسلے میں اساتذہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں کے بغیر کوئی بھی کامیابی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت خصوصی توجہ دے گی اور کوئی طلباء تنظیم نہیں ہوگی ، یہاں صرف پڑھائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کوجدید تدریسی طریقوں سے روشناس کرانے کے لئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈیمیز قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا انحصار ہمارے اساتذہ اور طلباء پر ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ وہ پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنائیں گے اور یونیورسٹی میں ایسا ماحول دیں گے جہاں تحقیق ہو اور بہترین تعلیم میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کو پاکستان کا بہترین میڈیکل کالج بنائیں گے اور ہماری خواہش ہے کہ یہاں دل اور جگر کے ٹرانسپلانٹ ایسے آپریشنز ہوں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد اویس نے پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے خدوخال سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج ایک ورلڈ کلاس میڈیکل کالج ہو گا اور یہاں بہترین ہیلتھ کئیر سروسز فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایسے خدمات بھی فراہم کی جائیں گی جو دیگر ہسپتالوں میں نہیں ہوں گی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم سید رضا علی گیلانی نے انڈر گرایجوایٹ بلاک میں پنجاب یونیورسٹی میڈیکل کالج کے دفتر کا افتتاح کیا۔