انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

بدھ 26 اپریل 2017 13:18

انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) ٹرانسفارمیشن انٹرنیشنل سوسائٹی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر محمد عمران یوسف اور مولانا آصف قاسمی مفکر قرآن کی کتاب "بحر شفائ" کی تقریب رونمائی گذشتہ شب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ذر یعے ہم اپنے معاشرے کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں، ہمارے ملک اور معاشرے کو صحیح سمت کے تعین کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر عمران یوسف کی کتاب بحر شفاء کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں قرآن کی روشنی میں روحانی اور جسمانی علاج کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر عمران یوسف کی دکھی انسانیت کی بھلائی اور خدمت کے عظیم جذبے اور عملی اقدامات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ اسی طرح انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر عمران یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ نے انسان بہترین صورت میں تخلیق کیا، انسان کو یہ فضیلت صرف جسمانی لحاظ سے نہیں بلکہ عقلی، ذہنی اور روحانی سطح پر حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی ایک بڑی تعداد دنیا میں آکر اپنے خالق حقیقی اور کارساز کو بھول جاتے ہیں اور اپنے زندگی کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لئے اللہ کے بتائے ہوئے راستے کو چھوڑ کر شیطانی راستے پر نکل جاتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب بحر شفاء کو لوگوں کے لئے مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا تا کہ لوگ زیا دہ سے زیادہ اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کتاب کے حوالے سے مولانا آصف قاسمی کی محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کے اس کتاب کے لئے جو کوششیں کیں اللہ اس کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عمران یوسف کی کتاب سے آج کے دور میں روحانی علاج کے نام پر معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیوں اور بے راہ روی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ ٹرانسفارمیشن انٹرنیشنل سوسائٹی کی خدمت قابل قدر ہیں۔ تقریب میں سی ای او ٹیپکو سرفراز عالم نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں شارق عمران کی حمد و نعت کی البم ’’نقش قدم‘‘ کی رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب میں بزنس مین عارف حبیب، اختیار بیگ، قاضی اسد عابد اور دیگر معززین شہر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :