پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کا بجلی کی قیمتوں میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ

پیر 8 مئی 2017 16:03

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2017ء) پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے ترجمان نے اپیل کی ہے کہ صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ، ایکسپورٹ میں اضافہ اور برآمدی آرڈرز پورے کرنے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی ، صنعتوں کو پورے ہفتہ گیس کی فراہمی ، ڈیزل و فرنس آئل پر عائد تمام ڈیوٹیز ختم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں جبکہ بجلی و گیس کی طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ زوال کاشکار صنعتی و کاروباری شعبہ دوبارہ اپنے پائو ں پر کھڑاہونے کے قابل ہو سکے۔

میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ پاکستان معاشی و اقتصادی طور پر اسی وقت مستحکم ہو سکتاہے جب یہاں صنعتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب تک سستی بجلی پیدا نہیں ہو گی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت گیس کی لوڈ مینجمنٹ کاخاتمہ نہیں کیا جائیگا اس وقت تک ملکی تعمیر وترقی ، غربت و بیروزگاری کے خاتمہ اور عوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہاکہ صنعت و زراعت پاکستان کی قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر دونوں شعبے بحران کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جب صنعت اور زراعت سے متعلقہ پیداوارکی لاگت بڑھے گی تو مہنگائی میںبھی یقینی اضافہ ہو گا جس سے غریب و متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو تاہے۔

متعلقہ عنوان :