سندھ حکومت غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر لگانے کی بجائے اسے اپنے ہی لوگوں پر خرچ کر کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنا بند کرے، سندھ حکومت عوام کے ٹیکس کے پیسے کو اپنی جاگیر نہ سمجھے

صدر تحریک انصاف سندھ ڈاکٹر عارف علوی کا بیان

منگل 16 مئی 2017 21:48

سندھ حکومت غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر لگانے کی بجائے اسے اپنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت غریب عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر لگانے کے بجائے اسے اپنے ہی لوگوں پرپانی کی طرح خرچ کر کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنا بند کرے،سندھ حکومت کی جانب سے گورنمنٹ کیسزلڑنے کے لئے 9وکلاء کو نامزد کیا گیا ہے جس کے عوض وکلاء کو 23کروڑ 12لاکھ روپے فیس ادا کی گئی ہے جس میں سے 21کروڑ 67لاکھ روپے پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر قانون و سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائک کو دیئے گئے ہیں جس کی پاکستان تحریک انصاف شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

سندھ حکومت عوام کے ٹیکس کے پیسے کو اپنی جاگیر نہ سمجھے۔وہ منگل کو جاری کردہ بیان میں اظہار کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہی پیسے عوا م کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جاتے رہتے تو آج معاشرہ ترقی یافتہ ہوتا، سندھ حکومت کے وزراء کو کرپشن اور لوٹ مار سے فرصت ملے تو وہ عوام کی کچھ فکر کریں۔ تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور حکمران کروڑوں روپے صرف کیسز پر خرچ کررہے ہیں۔

پیپلز پارٹی اور ان کے وزراء جاتے جاتے سارا پیسہ سمیٹنے کے چکر میں ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سندھ کی عوام ان سے بے زا ر ہو چکی ہے اور تبدیلی کی خواہشمند ہے۔پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار سے تنگ سندھ کی عوام اب پاکستان تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہی ہے۔ انشاء اللہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف وفاق سمیت سندھ سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی اور سندھ کی عوام کو اس کرپٹ اور نا اہل حکمرانوں کے ٹولے سے نجات دلائیں گے۔