پنجاب اسمبلی اجلاس میں ن لیگ نے جمہوری نظام پر عدم اعتماد کردیا، نوشین حامد

اجلاس میںن لیگ کے 312میں سے درجن بھر اراکین کی شرکت لمحہ فکریہ ثابت ہوئی ،رکن پی ٹی آئی

جمعرات 25 مئی 2017 18:12

پنجاب اسمبلی اجلاس میں ن لیگ نے جمہوری نظام پر عدم اعتماد کردیا، نوشین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ن لیگ نے جمہوری نظام پر عدم اعتماد کردیا، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میںن لیگ کے 312میں سے صرف درجن بھر اراکین کی شرکت حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ثابت ہوئی ،نہ کوئی سیکرٹری موجود تھا نہ اور ہی کوئی دوسرا سرکاری افسرحاضر رہا ، ن لیگ کے اپنے اراکین ہی پنجاب اسمبلی کو اہمیت نہیں دے رہے تو سرکاری افسران کس طرح اس اسمبلی کو اہمیت دیں گے ، انہوںنے کہاکہ پنجاب کی تمام ریاستی مشینری کورم پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ،گھنٹوںانتظار کے بعد بھی ایوان میں صرف چند اراکین اسمبلی ہی حاضر ہوتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اس ایوان میں عوام کے مفاد میں زیادہ سے زیادہ قانون سازی ہومگر حکومت ایوان کی کاروائی میں دلچسپی نہیں رکھتی۔